سابق ڈسٹرکٹ کمپلینٹ آفیسر کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست 18مئی کو سماعت کے لیے مقرر

جمعہ 15 مئی 2026 14:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2026ء) سابق ڈسٹرکٹ کمپلینٹ آفیسر عبادت نثار کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست 18مئی کو سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے اس کیس میں سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کو طلب کر رکھا ہے۔چیف جسٹس عالیہ نیلم درخواست گزار سائلہ بلقیس بی بی کی توہین عدالت درخواست پر سماعت کریں گی۔

(جاری ہے)

عدالتی ذرائع کے مطابق گزشتہ سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر غلط جواب عدالت میں جمع کروایا گیا تھا، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا۔درخواست گزار بلقیس بی بی نے موقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے متعلقہ پولیس حکام کو مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی تھی تاہم عدالتی احکامات کے باوجود مقدمہ درج نہیں کیا گیا، جس پر انہوں نے 2019ء میں لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔کیس کی آئندہ سماعت پر اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل وقاص عمر پولیس کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کریں گے جبکہ عدالت پولیس حکام کی جانب سے عدالتی احکامات پر عملدرآمد سے متعلق جائزہ لے گی۔