عیدالاضحی پر عارضی مویشی منڈیوں میں بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے‘ ڈپٹی کمشنر نارووال

صاف پانی، سایہ، بجلی، صفائی اور سکیورٹی کے موثر انتظامات کی ہدایت، مختلف اداروں کو خصوصی کیمپ قائم کرنے کا حکم

جمعہ 15 مئی 2026 14:35

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2026ء) ڈپٹی کمشنر محمد طیب خان کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لیے قائم کی جانے والی عارضی مویشی منڈیوں میں سہولیات اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام سرور اور اسسٹنٹ کمشنر نارووال سید وسیم عباس سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مختلف تجاویز اور اقدامات پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نارووال نے ہدایت کی کہ ضلع بھر میں قائم کی جانے والی عارضی مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانوروں کے لیے صاف پانی، سایہ، مناسب روشنی اور بجلی کے کنکشنز کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ بیوپاریوں اور خریداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ اداروں کو منڈیوں میں صفائی ستھرائی کے موثر انتظامات برقرار رکھنے اور روزانہ کی بنیاد پر صفائی کے عمل کی نگرانی کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔

ڈپٹی کمشنر نارووال نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جامع سکیورٹی پلان مرتب کیا جائے جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھی تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔انہوں نے ریسکیو اداروں کو ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوامی سہولت کو ہر صورت ترجیح دی جائے۔

اجلاس میں لائیوسٹاک،واسا، ریسکیو 1122اور فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کو مویشی منڈیوں میں خصوصی کیمپ قائم کرنے اور ان کیمپوں پر ڈیوٹی سرانجام دینے کے لیے ڈیڈیکیٹڈ سٹاف تعینات کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ لائیوسٹاک حکام کو جانوروں کی صحت اور ویٹرنری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے جبکہ فوڈ اتھارٹی کو منڈیوں میں خوراک کے معیار کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر محمد طیب خان نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور تمام ادارے باہمی تعاون سے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں تاکہ عوام الناس کو ایک منظم، صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :