پیرس میں معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ پر شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد

پی ایف یو جے کے وفد نے صدر رانا عظیم ، نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال کی قیادت میں بھرپور شرکت کی

sahibzada atiq صاحبزادہ عتیق الر حمن جمعہ 15 مئی 2026 14:47

پیرس میں معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ پر شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد
پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی 2026ء) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک شاندار اور پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں سیاسی، سماجی، صحافتی اور کمیونٹی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام سردار ظہور اقبال، چیئرمین پاکستان بزنس فورم فرانس، نے کیا۔ تقریب میں سفارتخانہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے پریس اتاشی سجیلہ نوید ، ڈیفنس اتاشی بلال سلیم اور نیول اتاشی عمران جاوید نے خصوصی شرکت کی۔

اس کے علاوہ پاکستان سے تشریف لانے والے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کے وفد نے صدر رانا عظیم کی قیادت میں شرکت کی، جس سے تقریب کی اہمیت مزید بڑھ گئی۔ پاکستانی کمیونٹی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

میزبان تقریب چیئرمین پاکستان بزنس فورم فرانس سردار ظہور اقبال نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو معرکۂ حق میں کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی کے بعد عالمی سطح پر پاکستانی پاسپورٹ کی ساکھ میں بہتری آئی ہے اور ائیرپورٹس پر اسے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی حقیقی سفیر بن کر وطن کے دفاع اور وقار کے لیے پاک افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سینئر اینکر اور صدر PFUJ رانا عظیم نے پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق کے بعد پاکستان کو عالمی سطح پر جو عزت ملی وہ پہلے کبھی نہیں ملی، اور اس کامیابی کا سہرا سیاسی قیادت اور عسکری اداروں کے ساتھ ساتھ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بھی جاتا ہے۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر عبدالرزاق سیال نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکۂ حق ایک ایسا تاریخی دن ہے جس کے بعد قوم کو دنیا میں سر اٹھا کر چلنے کا موقع ملا۔ عبدالرزاق سیال نے کہا کہ معرکۂ حق میں افواجِ پاکستان نے قوم کو سرخرو کیا اور دشمن کے عزائم ناکام بنائے۔ بانی پاکستان پریس کلب پیرس فرانس صاحبزادہ عتیق الرحمن نے کہا کہ اگرچہ انہیں مختلف اداروں اور شخصیات سے شکوے ہو سکتے ہیں، لیکن وطنِ عزیز کے دفاع کے معاملے پر تمام اوورسیز پاکستانی بنیانِ مرصوص ہیں اور ہر حال میں سبز ہلالی پرچم کے ساتھ کھڑے ہیں۔

‎کشمیری رہنما نعیم چوہدری نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاک افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ جنرل سیکریٹری PFUJ سینئیر صحافی شکیل احمد نے افواج پاکستان کو اکرام تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دشمن کے اجلاف پچیس کروڑ پاکستانی سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور اس دیوار سے ٹکرانے والے پاش پاش ہوجائیں گے۔ سینئر صحافی جی ایم جمالی نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک افواج نے تاریخ ساز کردار ادا کیا۔

خاتون صحافی جویریہ صدیق نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران افواجِ پاکستان کی بہادری اور قربانی کے جذبے نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ ڈیفنس اتاشی بلال سلیم نے اپنے خطاب میں افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، سرحدوں کے تحفظ کے عزم اور وطن کے لیے دی گئی قربانیوں کو سراہا۔ پاکستان بزنس فورم فرانس کے بانی صدر حاجی محمد اسلم چوہدری نے پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور تقریب کی کامیابی کو کمیونٹی کے اتحاد کا مظہر قرار دیا۔

تقریب کے شرکاء نے معرکۂ حق کو پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک سنہری باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی نے سبز ہلالی پرچم کو اقوامِ عالم میں سربلند کر دیا۔ مقررین کے مطابق افواجِ پاکستان نے ثابت کیا کہ وہ دفاعِ وطن کے لیے بنیانِ مرصوص ہیں اور ہر محاذ پر قوم کے اعتماد پر پورا اتریں۔ تقریب کے اختتام پر معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا جبکہ مہمانوں کی تواضع پرتکلف کھانوں سے کی گئی۔ شرکاء نے اس موقع پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔