پیرس میں پاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے “معرکہ حق” کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد

sahibzada atiq صاحبزادہ عتیق الر حمن جمعہ 15 مئی 2026 14:49

پیرس میں پاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے “معرکہ حق” کی پہلی سالگرہ ..
پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی 2026ء) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستان کے سفارت خانے کی جانب سے “معرکہ حق” کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی نژاد فرانسیسی کمیونٹی کے افراد، سفارت خانے کے افسران اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدرِ مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی سفیر برائے فرانس، ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ سال پیش آنے والی کشیدگی کے دوران سفارتی، عسکری اور بیانیہ سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور دفاع کے لیے مضبوط عزم رکھتا ہے اور ایک امن پسند قوم ہے۔

(جاری ہے)

سفیر نے دنیا بھر میں تعینات پاکستانی سفارتکاروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھارتی جارحیت کے بارے میں مؤثر اور بروقت مؤقف پیش کیا۔

انہوں نے پاکستانی اور فرانسیسی میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار کی بھی تعریف کی۔ اپنے خطاب میں ممتاز زہرا بلوچ نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی آبی اور غذائی سلامتی پر اثر انداز ہونے والا اقدام قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس موقع پر مختلف نعرے بھی لگائے۔