فہد شہباز کی فوربز 30 انڈر 30 ایشیاء 2026ء میں شمولیت، وفاقی وزراء اور حکومتی شخصیات کی مبارکباد

ہفتہ 30 مئی 2026 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2026ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ، وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن فہد شہباز کو فوربز 30 انڈر 30 ایشیاء 2026ء میں شمولیت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔

ہفتہ کو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ امر انتہائی حوصلہ افزا ہے کہ نوجوان پاکستانی بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں، انہیں بہترین انداز میں ملک کی نمائندگی کرنے اور کامیابیاں حاصل کرتے دیکھ کر فخر محسوس ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فہد شہباز ایک ہمہ جہت صلاحیتوں کے حامل نوجوان ہیں، میں نے مختلف پلیٹ فارمز پر ان کی غیر معمولی کارکردگی کا مشاہدہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے فہد شہباز کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے فہد شہباز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فہد شہباز کی یوتھ جنرل اسمبلی میں خدمات اور متنوع تجربہ پاکستان میں نوجوانوں کی ترقی میں نمایاں کردار کا حامل ہے،یہ کامیابی ان کی محنت اور صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے اپنی ’’ایکس‘‘ پوسٹ میں فہد شہباز کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ سوشل امپیکٹ کیٹیگری میں منتخب ہونے والے واحد پاکستانی کی حیثیت سے فہد شہباز کی یہ کامیابی وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پاکستان کے لئے باعث فخر ہے۔ رانا مشہود احمد خان نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور مثبت تبدیلی کے فروغ میں فہد شہباز کی مسلسل کامیابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم کے میڈیا کوارڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ نے بھی فہد شہباز کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ فہد شہباز مستقبل میں بھی نوجوانوں کی رہنمائی اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا کردار جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن فہد شہباز فوربز 30 انڈر 30 ایشیاء 2026ء میں شامل ہو گئے ہیں جہاں وہ یوتھ جنرل اسمبلی پاکستان کے بانی کی حیثیت سے پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ یہ امر باعث فخر ہے کہ فہد شہباز فوربز 30 انڈر 30 ایشیائ کی سوشل امپیکٹ کیٹیگری میں تسلیم کئے جانے والے واحد پاکستانی ہیں جسے بیک وقت دی ڈائنا ایوارڈ اور فوربز 30 انڈر 30 ایشیاء کا اعزاز حاصل ہے۔