Live Updates

مارکیٹوں کے اوقات کار میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری، صوبائی حکومتوں کو عملدرآمد کی ہدایت کردی گئی

شادی ہالز، کمرشل ایونٹس یعنی تقریبات کے مقامات اور مارکیز پر اوقات کار میں توسیع کا یہ ریلیف لاگو نہیں ہوگا اور یہ بدستور رات 10 بجے ہی بند ہوں گے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 3 جون 2026 13:27

مارکیٹوں کے اوقات کار میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری، صوبائی حکومتوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون2026ء) ملک بھر میں جاری توانائی بچت مہم کے تحت وزیراعظم شہباز شریف نے دکانوں، مارکیٹوں اور کاروباری مراکز کے بند ہونے کے نئے اوقات کار کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے، جس کے بعد کابینہ ڈویژن نے اس کا سرکاری نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک میں بڑھتی ہوئی گرمی اور طویل دن کے پیشِ نظر تاجروں اور عوام کو ریلیف دیتے ہوئے کاروباری اوقات میں توسیع کا حتمی نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، وزیراعظم کی منظوری کے بعد اب صوبائی حکومتوں اور مقامی انتظامیہ کو ان نئے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

حکومتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مختلف کاروباری اور تفریحی مراکز کے لیے بندش کے اوقات میں تبدیلی کے بعد اب تمام دکانیں، مقامی مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور عام ریٹیل کاروبار اب رات 9 بجے بند کر دیئے جائیں گے، تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس، کیفے، کھانے پینے کے مراکز اور سبزی کی دکانیں رات 11 بجے تک کھلی رہ سکیں گی، شادی ہالز، کمرشل ایونٹس یعنی تقریبات کے مقامات اور مارکیز پر اوقات کار میں توسیع کا یہ ریلیف لاگو نہیں ہوگا اور یہ بدستور رات 10 بجے ہی بند ہوں گے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ عوامی سہولت اور ہنگامی خدمات کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت نے مختلف شعبوں کو ان اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا ہے، جن میں میڈیکل اسٹورز، ہسپتال، پٹرول پمپس، آئی ٹی کمپنیز، ٹیلی کام کے ادارے، تندور اور جمز شامل ہیں۔

Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات