’عمران خان نے گلگت بلتستان میں 2 سال میں جو کیا، یہ لوگ 100 سال میں بھی نہیں کرسکتے‘

نوازشریف کی تنقید پر مزمل اسلم کا جواب، سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ڈیمز کی زمین سمیت پی ٹی آئی کے بڑے کام بھی بتادیئے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 3 جون 2026 12:09

’عمران خان نے گلگت بلتستان میں 2 سال میں جو کیا، یہ لوگ 100 سال میں بھی ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جون2026ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور مشیرِ خزانہ خیبر پختونخواہ مزمل اسلم نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے سکردو جلسے میں کیے گئے دعوؤں اور تنقید کا جواب ددے دیا، انہوں نے گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کے مختصر دورِ حکومت کے بڑے کارنامے گنواتے ہوئے مخالفین کو چیلنج بھی کیا ہے۔ 92 نیوز کے ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے گلگت بلتستان کی 78 سالہ تاریخ میں وہاں صرف دو سال یا تقریباً ڈیڑھ سال حکومت کی ہے، جو لوگ پورے پاکستان میں نعرے لگاتے پھر رہے ہیں، کیا ان کا یہ خیال ہے کہ ان ڈیڑھ سالوں میں سارا کچھ جادو کی چھڑی سے ہونا تھا؟ جو کام عمران خان نے گلگت بلتستان میں اپنے دو سالہ دور میں کر دکھائے ہیں، یہ مخالفین اگلے سو سالوں میں بھی وہ کام نہیں کرسکتے۔

(جاری ہے)

مزمل اسلم نے گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی حکومت کے دور کی کارکردگی کا موازنہ کرتے ہوئے 4 اہم منصوبے عوام کے سامنے رکھے اور بتایا کہ سکردو ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا درجہ عمران خان نے دلوایا، جس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوا کہ آج پوری دنیا سے لوگ ڈائریکٹ سکردو آ اور جا سکتے ہیں، عطاء آباد جھیل کو کس نے آباد کروایا اور آج وہاں جو سیاحت چمک رہی ہے، وہ کس کی بدولت ہو رہا ہے؟ انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخواہ کے بعد بلین ٹری سونامی کا سب سے بڑا مرکز گلگت بلتستان ہی تھا، جہاں ماحولیات کے تحفظ کے لیے سب سے زیادہ درخت لگائے گئے، عمران خان نے اپنے دور میں داسو اور دیامر بھاشا ڈیم کے متاثرہ لوگوں کو وہاں متبادل زمینیں فراہم کیں اور ان کا حق انہیں دیا، یہ تمام بڑے اور انقلابی کام عمران خان نے وہاں صرف اور صرف دو سال کے قلیل عرصے میں کرکے دکھائے ہیں۔