بنگلہ دیش کے خلیل الرحمٰن یو این جنرل اسمبلی کے 81 ویں صدر منتخب
یو این
بدھ 3 جون 2026
23:45
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 03 جون 2026ء) بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ خلیل الرحمٰن قبرص کے آندریاس کاکورس کو شکست دے کر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔
جنرل اسمبلی کی سالانہ صدارت کے لیے ہونے والی خفیہ رائے شماری میں خلیل الرحمٰن نے 99 ووٹ حاصل کیے جبکہ کاکورس کو 91 ممالک کی حمایت حاصل ہو سکی۔ مجموعی طور پر 190 ارکان نے حق رائے دہی استعمال کیا۔
اس موقع پر نہ تو کوئی ووٹ مسترد ہوا اور نہ ہی کسی رکن نے ووٹ دینے سے گریز کیا۔جنرل اسمبلی کی صدارت باری کی بنیاد پر رکن ممالک کے پانچ علاقائی گروہوں میں سے کسی ایک ملک کو ملتی ہے۔ ستمبر سے شروع ہونے والے 81 ویں اجلاس کے لیے ایشیا اور الکاہل خطے سے صدر کا انتخاب ہونا تھا۔
خلیل الرحمٰن 8 ستمبر سے مدت صدارت کا آغاز کریں گے۔
(جاری ہے)
ان کے دور میں موجودہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کے جانشین کے انتخاب کا عمل بھی شروع ہو گا جن کے عہدے کی مدت رواں سال 31 دسمبر کو ختم ہو رہی ہے۔
عالمی تعاون کے فروغ کا عزم
خلیل الرحمٰن سفارت کاری اور کثیرالفریقی امور میں 40 سال سے زیادہ تجربے کے حامل ہیں۔ وہ رواں سال فروری میں بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ مقرر ہوئے تھے۔ اس سے قبل وہ قومی سلامتی کے مشیر اور روہنگیا مسئلے پر حکومت کے اعلیٰ نمائندے کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
1979 میں بنگلہ دیش کی سفارتی سروس میں شمولیت اختیار کرنے والے خلیل الرحمٰن نے نیویارک اور جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفاتر میں بھی اہم ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔
انہوں نے 'اعتماد کی بحالی، تبدیلی کا موثر انتظام: سب کے لیے مفید اقوام متحدہ' کو اپنی صدارت کا مرکزی موضوع قرار دیا ہے۔
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے اس موضوع کو کثیرالفریقی نظام کے لیے حوصلہ افزا دعوت عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو تنازعات، تقسیم، بڑھتی ہوئی عدم مساوات اور موسمیاتی بحران کا سامنا ہے۔ پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) کے حصول کی رفتار سست پڑ گئی ہے، انسانی امداد اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالی وسائل کم ہو رہے ہیں جبکہ بین الاقوامی ادارے موجودہ دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں ہیں۔
ایسے حالات میں یہ موضوع عالمی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
عاجزی اور احترام
خلیل الرحمٰن نے اپنی کامیابی کے بعد اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ذمہ داری کو عاجزی اور احترام کے ساتھ قبول کر رہے ہیں۔
اقوام متحدہ اپنی 9ویں دہائی کا آغاز ایسے وقت کر رہا ہے جب اس پر اعتماد کو کئی حوالوں سے مسائل کا سامنا ہے جن کے نتیجے میں لوگوں کا یہ یقین کمزور پڑ رہا ہے کہ اقوام متحدہ اپنے وعدوں کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔نومنتخب صدر نے کہا کہ بنگلہ دیش کے امن کاری سے متعلق تجربے کی روشنی میں وہ پیشگی سفارت کاری، امن سازی اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالی وسائل کی کمی دور کرنے، عالمی ڈیجیٹل معاہدے پر عملدرآمد کو آگے بڑھانے اور بڑھتے ہوئے دباؤ کے ماحول میں اقوام متحدہ کی کارکردگی کو موثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ رکن ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے، تمام ارکان سے مشاورت کریں گے اور بڑھتی ہوئی عالمی تقسیم کے باوجود مشترکہ نکات تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔
اقوام متحدہ پر دباؤ
جنرل اسمبلی کی موجودہ صدر اینالینا بیئربوک نے اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کو مخالفت اور شدید دباؤ کا سامنا ہے۔ عالمی اتفاق رائے پیدا کرنا پہلے سے کہیں زیادہ دشوار ہو گیا ہے اور اقوام متحدہ کے منشور کا دفاع اب روزمرہ کی ضرورت بن چکا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ آنے والا سال بھی آسان نہیں ہو گا۔
جنرل اسمبلی کو مستقبل کے معاہدے پر عملدرآمد، اقوام متحدہ میں اصلاحات کے لیے 'یو این 80' اقدام کو آگے بڑھانے اور بڑھتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی تقسیم کے ماحول میں اپنا کام جاری رکھنا ہو گا۔81ویں اجلاس کی 6 ترجیحات
خلیل الرحمٰن نے اعلان کیا کہ ان کی صدارت درج ذیل چھ بنیادی ترجیحات پر مرکوز ہو گی۔
- امن و سلامتی کا فروغ
- پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں تیزی
- موسمیاتی اقدامات اور ماحولیات کا تحفظ
- انسانی حقوق کا فروغ
- مصنوعی ذہانت سمیت نئی ٹیکنالوجی کے نظم و نسق کے لیے موثر انتظام
- اقوامِ متحدہ میں اصلاحات
جنرل اسمبلی کا 81واں اجلاس 8 ستمبر کو شروع ہو گا۔
اس کے دو ہفتے بعد نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں دنیا بھر کے رہنما سالانہ اعلیٰ سطحی مباحثے کے لیے جمع ہوں گے۔مزید اہم خبریں
-
امریکا کو جو پابندیوں اور جنگ سے حاصل نہیں ہواوہ مزید جنگ سے بھی حاصل نہیں ہوگا
-
دنیا بنگلہ دیش میں پناہ گزین لاکھوں روہنگیاؤں کو مت بھولے، یو این
-
بنگلہ دیش کے خلیل الرحمٰن یو این جنرل اسمبلی کے 81 ویں صدر منتخب
-
درجہ حرارت 50 ڈگری سے نمٹنے کے لیے دنیا کے 50 شہروں کا اشتراک
-
ایرانی سپریم لیڈر نے آمادگی ظاہر کی ہےکہ وہ ایٹمی ہتھیار نہیں بنائیں گے
-
10جون کو بامقصد بجٹ پیش کریں گے،پوری کوشش ہے کہ کوئی نیا ٹیکس نہ لگایا جائے
-
پاکستانی برآمدات کے مقابلے میںدرآمدات میں نمایاں اضافہ
-
اگر آئی پی پیز معاہدوں کا فرانزک آڈٹ ہوجائے تو موجودہ اور سابقہ حکومتوں کے کرتا دھرتا لٹک جائیں گے
-
سیاسی جماعتیں خراب معاشی حالات میں سب سے پہلے بی آئی ایس پی کو ختم کرنے کی سازش کرتی ہیں
-
فارورڈ بلاک نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے تحریک کا اعلان کر دیا
-
گلگت بلتستان میں 22سال بعد بلدیاتی انتخابات، پولنگ 2اگست کو ہوگی
-
بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بے پناہ کرپشن ہے، پنجاب کی حد تک ڈیٹا ٹھیک نہیں
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2026, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.