گلگت بلتستان میں 22سال بعد بلدیاتی انتخابات، پولنگ 2اگست کو ہوگی

بدھ 3 جون 2026 21:20

گلگت بلتستان میں 22سال بعد بلدیاتی انتخابات، پولنگ 2اگست کو ہوگی
گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2026ء) چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہبازخان ( تمغہ شجاعت)نے گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 2 اگست کو ہوگی۔جاری کردہ شیڈول کے مطابق 6 جون کو ریٹرننگ افسران نوٹسز جاری کریں گے، جبکہ 9 جون سے 15جون تک امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔

16 جون کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست آویزاں کی جائے گی، جبکہ 17جون سے 22جون تک کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کیا جائے گا۔شیڈول کے مطابق 27 جون کو ریٹرننگ افسران کے روبرو اپیلوں کی سماعت ہوگی، جبکہ 28 جون سے 4 جولائی تک اپیلیٹ اتھارٹی اپیلوں کی سماعت کرے گی۔ 6 جولائی کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی، 7 جولائی کو امیدوار دستبرداری اختیار کر سکیں گے، جبکہ 8 جولائی کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق 2 اگست کو پولنگ ڈے منعقد ہوگا۔واضح رہے کہ گلگت بلتستان میں 22 برس بعد بلدیاتی انتخابات منعقد کیے جا رہے ہیں۔ 2004 کے بعد سے بلدیاتی انتخابات نہیں ہو سکے تھے، تاہم اب یہ انتخابات بلدیاتی انتخابی ایکٹ 2014 کے تحت کرائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان نے انتخابی شیڈول پر باضابطہ دستخط کر دیے ہیں۔