Live Updates

ایرانی سپریم لیڈر نے آمادگی ظاہر کی ہےکہ وہ ایٹمی ہتھیار نہیں بنائیں گے

ایرانی سپریم لیڈر مذاکرات میں براہ راست شامل ہیں، خامنہ ای ہر فیصلے کی منظوری دے رہے ہیں، ممکن ہےکہ میں کبھی ایرانی سپریم لیڈر سے ملاقات کروں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 3 جون 2026 23:16

ایرانی سپریم لیڈر نے آمادگی ظاہر کی ہےکہ وہ ایٹمی ہتھیار نہیں بنائیں ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 03 جون 2026ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر نے آمادگی ظاہر کی ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیار نہیں بنائیں گے۔ میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر مذاکرات میں براہ راست شامل ہیں، تہران ایٹمی ہتھیار نہ رکھنے پر راضی ہوگیا ہے، ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای ہر فیصلے کی منظوری دے رہے ہیں، ایرانی سپریم لیڈر نے آمادگی ظاہر کی ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیار نہیں بنائیں گے ۔

ممکن ہے کہ میں کبھی ایرانی سپریم لیڈر سے ملاقات کروں ۔ صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم سے سخت لہجے میں گفتگو کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں لبنان پر مسلسل حملوں کے باعث پریشان تھا، میں نہ ہوتا تو اس وقت اسرائیل کا کوئی وجود نہ ہوتا۔

(جاری ہے)

مزید برآں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پوڈ فورس ون کو دیئے گئے انٹرویو میں ایران کے خلاف جنگ اور اپنی بدلتی ہوئی پالیسیوں کا کھل کر دفاع کیا، ان کا ماننا ہے کہ دشمن کو اندھیرے اور الجھن میں رکھنا ان کے اپنے فائدے میں ہے، اگر وہ تنقید کرنے والے لوگ الجھن کا شکار ہیں، اور ایرانی بھی کنفیوز ہیں، تو یہ ایک اچھی بات ہے، یہ بس میری جبلت اور میرا طریقہ کار ہے، میری پوزیشنز تبدیل ہوتی رہتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسا ممکن ہے میں ابھی یہاں سے جاؤں، آپ کو کوئی جواب دوں، اور پھر 20 منٹ بعد جب اوول آفس پہنچوں تو مجھے اندازہ ہو کہ میرا دیا گیا جواب اب غلط ہو چکا ہے، کیوں کہ حالات اور حقائق بہت تیزی سے بدلتے ہیں اور وہ انہی کے مطابق ہم فیصلے کرتے ہیں، اسی طرح ایران پر کیے گئے حملے ایک ناگزیر اور سوچا سمجھا انتخاب تھا، جسے ہم مزید مؤخر نہیں کر سکتے تھے۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اگر میں یہ قدم نہ اٹھاتا تو ایرانی جوہری ہتھیار بنا لیتے، امریکی بی 2 بمبار طیاروں کے حملے کے محض دو ہفتے بعد ہی ان کے پاس نیوکلیئر ویپن ہوتا، اس لیے یہ قدم اٹھانا بہت ضروری تھا، اب ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرسکے گا اور اس کے نتیجے میں کئی دیگر اچھے کام ہوں گے، ایران کو یہ واضح پیغام دے دیا گیا ہے کہ اب وقت آ چکا ہے دونوں ممالک کسی نہ کسی شکل میں ایک حتمی معاہدے تک پہنچ جائیں۔

امریکی صدر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایران گزشتہ 47 برس سے جس مخصوص طرزِ عمل پر چل رہا ہے، اسے اب مزید اس رویے کو جاری رکھنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جا سکتی، اسی وجہ سے ایران اب جوہری ہتھیار نہ رکھنے پر آمادہ ہے، یہ ممکن ہے کہ میں مستقبل میں کبھی ایرانی سپریم لیڈر سے براہِ راست ملاقات بھی کروں۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات