بلوچستان ریونیو اتھارٹی کی صوبہ بھر میں رینٹ اے کار اور آٹوموبائل رینٹل سروسز سے وابستہ افراد کو فوری طور پر رجسٹریشن مکمل کرانے کی ہدایت

اتوار 14 جون 2026 21:52

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2026ء) بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے صوبے میں رینٹ اے کار اور آٹوموبائل رینٹل سروسز فراہم کرنے والے تمام کاروباری اداروں اور افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے ساتھ اپنی رجسٹریشن مکمل کریں اور بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2015 کے تحت اپنی قانونی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔

اتھارٹی کے مطابق رینٹ اے کار اور آٹوموبائل رینٹل سروسز پر سیلز ٹیکس کی شرح 8 فیصد مقرر ہے، تمام سروس فراہم کنندگان کیلئے لازم ہے کہ وہ مقررہ ٹیکس ادوار کے اندر اپنے ٹیکس گوشوارے (Returns) بروقت جمع کرائیں اور واجب الادا ٹیکس کی ادائیگی یقینی بنائیں۔ مزید برآں اس شعبے کیلئے ان پٹ ٹیکس کریڈٹ یا ایڈجسٹمنٹ کی اجازت نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

بی آر اے نے واضح کیا ہے کہ ٹیکس قوانین کی تعمیل نہ صرف قانونی ذمہ داری ہے بلکہ یہ شفاف کاروباری ماحول، منصفانہ مسابقت اور صوبے کی ترقی کیلئے وسائل کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

اتھارٹی نے کاروباری برادری کی سہولت کیلئے رجسٹریشن، ریٹرن فائلنگ اور ٹیکس ادائیگی کے تمام مراحل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور آن لائن بنا دیا ہے۔بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے تمام رینٹ اے کار اور آٹوموبائل رینٹل سروس فراہم کنندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن، ٹیکس ادائیگی اور ریٹرن فائلنگ کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی، جرمانے یا کاروباری پیچیدگی سے بچا جا سکے اور صوبے کی ترقی میں اپنا موثر کردار ادا کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :