Live Updates

پنجاب بجٹ 2026-27، نہری نظام کی بہتری اور آبی ذخائر کے لیے اربوں روپے کے منصوبوں کا اعلان

وزیر اعلی مریم نواز کی قیادت میں محکمہ آبپاشی کے بڑے ترقیاتی منصوبی؛ فلڈ پروٹیکشن، ڈیمز اور لنک کینالز کی بحالی پر خصوصی توجہ

منگل 16 جون 2026 20:05

پنجاب بجٹ 2026-27، نہری نظام کی بہتری اور آبی ذخائر کے لیے اربوں روپے کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2026ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں حکومت پنجاب نے مالی سال 2026-27 کے سالانہ بجٹ میں نہری نظام کی بہتری ، آبی ڈھانچے کی مضبوطی اور پانی کے ضیاع کو روکنے، نئے آبی ذخائر کی تعمیر کے لیے اربوں روپے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے، اریگیشن ڈیپارٹمنٹ کے لئے منصوبہ جات سے صوبے میں زرعی معیشت کی ترقی کی رفتار تیز ہوگی، ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر آبپاشی میاں کاظم علی پیر زادہ نے بجٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر آبپاشی میاں محمد کاظم علی پیر زادہ نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال میں پنجاب نے تین دریاؤں میں طغیانی سے بدترین سیلاب کا سامنا کیا، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں حکومت نے لاکھوں متاثرین کی امداد و بحالی کے لیے 79 ارب 78 کروڑ روپے خرچ کیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے لئے بھی محکمہ انہار کو ترقیاتی منصوبوں اور غیر ترقیاتی اخراجات کیلئے بھرپور وسائل فراہم کرنے کی کوشش کی ہے خصوصاً آئندہ مالی سال کے دوران 95 ارب روپے لاگت سے جلالپور ، جلالپور نوراجہ بھٹہ فلڈ بنک، سورا ڈیم، ٹمن ڈیم پیر والا فلڈ پروٹیکشن بند، داؤدچا ڈیم، رحیم یار خان میں واٹر لاگنگ جیسے منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ 47 ارب روپے لاگت سے لنک کینالز کی بحالی ، امبریلا کینال لنکنگ پراجیکٹ فیز تھری کے تحت 500 کلومیٹر مائنز اور ڈسٹری بیوٹریز کی لائننگ کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 110 ارب روپے لاگت سے پوٹھوہار سمال ڈیم پراجیکٹ ، 12 ارب روپے لاگت سے بی آر بی ڈی لنک کی بحالی ، نئے راوی سائفن کی تعمیر ہوگی اسی طرح فلڈ ریزیلنس پروگرام کے تحت 56 ارب روپے لاگت سے 51 سکیمیں شامل ہیں۔ صوبائی وزیر آبپاشی میاں محمد کاظم علی پیر زادہ نے بتایا کہ محکمہ آبپاشی کے ان منصوبوں سے پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش بڑھے گی اور قابل کاشت رقبہ میں اضافہ ہوگا۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات