سینیٹر فیصل واوڈا کا وزارت صنعت و پیداوار میں 125 ارب کی بے ضابطگی کا الزام

منگل 16 جون 2026 20:00

سینیٹر فیصل واوڈا کا وزارت صنعت و پیداوار میں 125 ارب کی بے ضابطگی کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2026ء) سینیٹر فیصل واوڈا نے وزارت صنعت و پیداوارکے آٹو سیکٹرز پر 125 ارب روپے کی بے ضابطگی کا الزام لگا دیا۔وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں پہنچے اور کہا ہے کہ سینیٹرز کو سوال کرنے کا حق حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ یکطرفہ طور پر ایک سائیڈ کی بات کو اچھالا گیا، وزارت صنعت و پیداوار پر الزام لگانے سے پہلے اس کا موقف لینا چاہیے تھا۔

(جاری ہے)

اس پر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ ان کا ہارون اختر سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں ہے، جو بات کی وہ وزارت کے کاغذات پر مبنی تھی۔انہوں نے کہا کہ اگر وہ غلطی پر ہوئے تو معافی مانگ لیں گے، میں تو 190 ملین پاونڈ کیس میں بھی پی ٹی آئی کی کابینہ کے خلاف کھڑا ہوا تھا۔سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ گاڑیوں کی درآمدات نہ ہونے سے حکومت کو 7 ماہ میں 125 ارب روپے کا ریونیو کا نقصان ہوا۔اس پر ہارون اختر نے جواب دیا کہ آپ نے پہلے کرپشن کا الزام لگایا اور اب اسے ریونیو نقصان کہہ دیا ہے۔