Live Updates

امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے محسن نقوی کی ملاقات، ملکی و خطہ کی صورتحال پر گفتگو

منگل 16 جون 2026 22:36

امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے محسن نقوی کی ملاقات، ملکی و خطہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2026ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال سمیت خطے کی بدلتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال اور ایران امریکہ مفاہمت کے بعد پیدا ہونے والی علاقائی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے ایران امریکہ مفاہمت کو خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔امیر جماعت اسلامی نے ایران امریکہ مفاہمت کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے کی جانے والی کوششوں میں پاکستان کا کردار قابل قدر ہے۔

(جاری ہے)

ایران امریکہ مفاہمت کے حوالے سے پاکستان کے تاریخی کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، جبکہ اس پیش رفت سے پورے خطے میں امن کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

ملاقات میں حافظ نعیم الرحمن نے صومالیہ میں پھنسے پاکستانی شہریوں کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ حکومت محصور پاکستانیوں کی فوری اور بحفاظت واپسی کے لیے اپنا مؤثر سفارتی کردار ادا کرے اور ان کی مدد کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی معاشی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

حافظ نعیم الرحمن نے عوام کو سہولیات فراہم کرنے، مہنگائی میں کمی اور معیشت کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران امریکہ مذاکرات اور اس حوالے سے حکومت پاکستان کی سفارتی کوششوں سے حافظ نعیم الرحمن کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے خطے میں امن کے لیے ناقابل فراموش کردار ادا کیا، کشیدگی کے خاتمے کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے۔ملاقات میں امن و امان اور سیاسی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات