اٹک میں سی ٹی ڈی کی کامیاب کارروائی،وزیر ریلوے حنیف عباسی کا سکیورٹی اداروں کو خراجِ تحسین

منگل 16 جون 2026 23:17

اٹک میں سی ٹی ڈی کی کامیاب کارروائی،وزیر ریلوے حنیف عباسی کا سکیورٹی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2026ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اٹک میں دہشت گردوں کے خلاف انتہائی کامیاب اور مؤثر کارروائی پر محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور دیگر سکیورٹی اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اٹک میں کارروائی کے دوران 5 دہشت گردوں کی ہلاکت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کو سنہری الفاظ میں سراہا۔محمد حنیف عباسی نے اس بات پر زور دیا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف بروقت اور فیصلہ کن کارروائیاں قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے امن و استحکام کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔وفاقی وزیر ریلوے نے ملکی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس فیصلہ کن جنگ میں پوری قوم اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطنِ عزیز سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔