این ڈی ایم اے کا 20جون تک موسمی صورتحال سے متعلق الرٹ جاری، گرج چمک کیساتھ بارشوں کا امکان

عوام خراب موسم کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، موسم سے متعلق تازہ اطلاعات پر نظر رکھیں ،کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں،محکمہ موسمیات

منگل 16 جون 2026 20:05

این ڈی ایم اے کا 20جون تک موسمی صورتحال سے متعلق الرٹ جاری، گرج چمک کیساتھ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2026ء) این ڈی ایم اے نے 16سے 20جون کے دوران متوقع موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ۔این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہوائوں کا ایک سلسلہ ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں کو متاثر کرے گا، جس کے باعث تیز ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔

الرٹ کے مطابق اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں، جن میں راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاالدین، سرگودھا، گوجرخان، گجرات، جہلم، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد، خوشاب، جھنگ، ڈیرہ غازی خان، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولپور اور رحیم یار خان شامل ہیں، میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،اسی طرح گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ کے متعدد اضلاع میں بھی بارشوں اور تیز ہواں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 16سے 19جون کے دوران خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشوں اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز اور برفانی جھیلوں کے بند ٹوٹنے سے پہاڑی ندی نالوں میں شدید پانی کے بہا اور گلیشیائی جھیلوں کے سیلاب (گلاف)کا خطرہ موجود ہے، حسن آباد، شسپر، گلکن، گلمیت، پاسو، نگر، غزر، سکردو اور شگر کو زیادہ حساس علاقے قرار دیا گیا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق شدید بارشوں، سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث رابطہ سڑکوں کی بندش کا بھی خدشہ ہے۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس شاہرائوں اور پہاڑی علاقوں میں ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔محکمہ موسمیات نے کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں آئندہ دو سے چار گھنٹوں کے دوران تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مری، ایبٹ آباد، بھمبر، کوٹلی، باغ، چکوال، جہلم، سرگودھا، منڈی بہاالدین اور گردونواح میں بارش اور تیز ہوائوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ساہیوال، بورے والا، عارف والا، پاکپتن، وہاڑی، خانیوال اور بہاولنگر میں بھی آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔متعلقہ علاقوں میں شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، موسم سے متعلق تازہ اطلاعات پر نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔