Live Updates

پنجاب اسمبلی میں 5903.5 ارب روپے کا بجٹ پیش ، تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ منظور

منگل 16 جون 2026 22:50

پنجاب اسمبلی میں 5903.5 ارب روپے کا بجٹ پیش ، تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2026ء) لاہو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 35 ویں اجلاس میں نئے مالی سال 2026-27 کے لیے 5903.5 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا گیا، جبکہ بجٹ تجاویز اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں ایران اور امریکہ کے درمیان معاہدے پر خصوصی قرارداد بھی منظور کی گئی اور پاکستان کی سفارتی کامیابیوں پر وفاقی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

قرارداد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان کی مؤثر سفارت کاری نے دنیا کو ممکنہ خونریزی اور معاشی بحران سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

قرار داد کے مطابق پاکستان کی شاندار سفارتی کوششوں سے دنیا میں امن و استحکام کا نیا دور شروع ہو رہا ہے اور پاکستان آج عالمی سطح پر امن، تدبر اور ذمہ دار قیادت کی مثال بن چکا ہے۔

اجلاس میں سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل نے آئندہ مالی سال کے بجٹ پر کابینہ کو بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لیے ریونیو وسائل میں اضافے کی ہدایت جاری کی۔بریفنگ کے مطابق پہلی بار بورڈ آف ریونیو کے اہداف میں 25 فیصد جبکہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و نارکوٹکس کے اہداف میں 77 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ مجموعی طور پر پنجاب کے اپنے ریونیو اہداف میں 42.7 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔

اجلاس میں صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اور پنشن میں 3.5 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی۔ میونسپل کارپوریشنز کے لیے 22 ارب روپے کی امدادی گرانٹ، جنوبی پنجاب سمیت دور دراز علاقوں کے لیے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 31 ارب روپے، جبکہ دیہی صفائی پروگرام کے لیے 300 ارب روپے کا تخمینہ پیش کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کی تمام تحصیلوں میں 2 ہزار الیکٹرو بسیں فراہم کی جائیں گی، جبکہ کم آمدن طبقے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈیز کی مد میں 67.2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر بریفنگ دیتے ہوئے علالت کے باوجود رہنمائی فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ بریفنگ کے مطابق مختلف شعبوں میں ترقیاتی ترجیحات کا تعین کیا گیا ہے جن میں انسانی وسائل، انفراسٹرکچر، ماحولیات، ڈیجیٹل اکانومی اور گورننس شامل ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب نے گزشتہ دو سال میں ہر شعبے میں قابل ذکر ترقی کی ہے، اور فلڈ کے دوران تاریخی ریسکیو اور ریلیف آپریشن کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مالیاتی چیلنجز کے باوجود ٹیم ورک کے ذریعے اہداف حاصل کیے جائیں گے اور کسی پراجیکٹ پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی سطح پر شیئر میں کمی اور دیگر مالی مسائل کے باوجود حکومت پرعزم ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا اور ترقیاتی عمل کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات