علی حیدرگیلانی کا جنوبی پنجاب کارڈ اور سیاسی بلیک میلنگ اب نہیں چلے گی: عظمیٰ بخاری

منگل 16 جون 2026 22:17

علی حیدرگیلانی کا جنوبی پنجاب کارڈ اور سیاسی بلیک میلنگ اب نہیں چلے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2026ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے علی حیدر گیلانی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ حقائق سے مکمل طور پر لاعلم ہیں یا پھر جان بوجھ کر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علی حیدر گیلانی لاہور اور اسلام آباد کے بند کمروں سے باہر نکلیں اور سیاسی تعصب کی عینک اتار کر کبھی جنوبی پنجاب کا دورہ کریں تاکہ انہیں وہاں ہونے والی ریکارڈ ترقی اپنی آنکھوں سے نظر آ سکے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی نظر میں کوئی جنوبی یا سینٹرل پنجاب نہیں بلکہ صرف ایک متحد پنجاب ہے اور انہوں نے اپنے ہر ترقیاتی پروجیکٹ میں جنوبی پنجاب کو اولیت اور خصوصی ترجیح دی ہے۔ ہر بار اپنی ڈوبتی ہوئی سیاست کو سہار دینے کے لیے جنوبی پنجاب کا جھوٹا کارڈ کھیلنا اب بند ہونا چاہیے کیونکہ آپ کی یہ روایتی بلیک میلنگ اب یہاں بالکل نہیں چلنے والی۔

(جاری ہے)

عظمیٰ بخاری نے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ مریم نواز کے انقلابی اقدامات کے تحت سب سے پہلے الیکٹرک بسیں جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے فراہم کی گئیں اور اس وقت جنوبی پنجاب سمیت صوبے کے 10 اضلاع میں الیکٹرک بسیں کامیابی سے چل رہی ہیں جبکہ جلد ہی تمام تحصیلوں میں بھی یہ بسیں دوڑتی نظر آئیں گی۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام "اپنی چھت اپنا گھر" اسکیم کے تحت بننے والے دو لاکھ گھروں میں سے اکثریت جنوبی پنجاب کے بے گھر افراد کے لیے بن رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے نوجوانوں کے لیے کھیل کے نئے میدان تیار کیے جا رہے ہیں اور صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کسانوں اور امن و امان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی کسان دوست پالیسیوں کے تحت گرین ٹریکٹر، کسان کارڈ اور سپر سیڈر سب سے زیادہ جنوبی پنجاب کے محنتی کسانوں کو فراہم کیے گئے ہیں تاکہ خطے میں زرعی انقلاب لایا جا سکے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جنوبی پنجاب کی سیکیورٹی اور پسماندگی کو دور کرنے کے لیے صرف کچے کے علاقے کی ترقی اور امن و امان کے قیام پر 10 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے۔ عظمیٰ بخاری نے علی حیدر گیلانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی آپ کے پاس سیاست کرنے کے لیے کوئی تعمیری ایجنڈا یا کارڈ نہیں بچتا تو آپ جنوبی پنجاب کارڈ کھیلنا شروع کر دیتے ہیں، لیکن عوام اب ان سیاسی شعبدہ بازیوں سے اچھی طرح واقف ہو چکے ہیں۔