گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے یونان کی سفیر کی ملاقات

پاکستان اور یونان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر اتفاق

منگل 16 جون 2026 23:29

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے یونان کی سفیر کی ملاقات
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2026ء) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے یونان کی سفیر ایلینی پوریشی نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور یونان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری، تجارتی تعاون، ثقافتی روابط اور سیاحت کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پاک۔

یونان تجارتی حجم میں اضافے، برآمدات و درآمدات کے فروغ، کاروباری وفود کے تبادلوں اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان خصوصاً سندھ میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں، جبکہ ٹیکسٹائل، زرعی مصنوعات، چاول، کھیلوں کے سامان اور دیگر برآمدی شعبوں میں ملک وسیع استعداد کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی سرمایہ کار سندھ میں موجود بہترین کاروباری مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ یونان کی سفیر ایلینی پوریشی نے سندھ کے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور یونان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کے فروغ سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوں گے، جبکہ پاک۔

یونان دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہو رہی ہے۔ ملاقات کے اختتام پر گورنر سندھ نے یونان کی سفیر کو سندھ کی ثقافت کی عکاسی کرتے ہوئے روایتی تحائف پیش کئے جبکہ ایلینی پوریشی نے گورنر ہاؤس میں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے۔