Live Updates

دنیا تسلیم کر رہی، آج پاکستان عالمی سطح پر ایک اہم اور بااعتماد ملک کے طور پر ابھر رہا ہے،حنیف عباسی

منگل 16 جون 2026 23:42

دنیا تسلیم کر رہی، آج پاکستان عالمی سطح پر ایک اہم اور بااعتماد ملک ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2026ء) قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے خطاب کرتے ہوئے حالیہ سفارتی اور قومی کامیابیوں پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان عالمی سطح پر ایک اہم اور بااعتماد ملک کے طور پر ابھر رہا ہے اور مختلف عالمی طاقتیں پاکستان کے کردار کو تسلیم کر رہی ہیں۔

حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان کو بین الاقوامی معاملات میں ثالثی اور مفاہمت کے کردار کے حوالے سے پذیرائی مل رہی ہے، جو پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود تمام جماعتوں کو قومی مفادات پر متحد ہونا چاہیے اور ملک کی ترقی و استحکام کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں آنے والوں کو مختلف چیلنجز اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ہر شعبے میں اچھے اور برے افراد موجود ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی اور دفاع کے معاملات پر پوری قوم کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔وفاقی وزیر ریلوے نے پانی کے مسئلے کو مستقبل کا ایک اہم چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ آنے والے برسوں میں پانی کے وسائل خطے میں اہمیت اختیار کریں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک میں آبی ذخائر اور ڈیموں کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جانا چاہیے تاکہ مستقبل کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے اور تمام سیاسی قوتوں کو قومی مفاد میں اختلافات کم کر کے آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قومی یکجہتی اور جمہوری عمل کے تسلسل پر یقین رکھتی ہے۔گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت جمہوری اصولوں کی پاسداری کی حامی ہے اور وہاں اکثریتی جماعت کو حکومت بنانے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات