بچوں کی حوالگی سے متعلق کیس،والد کی تحویل سے لیکر والدہ کے حوالے کرنے کا حکم

پیر 15 جون 2026 16:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2026ء) لاہور ہائیکورٹ نے بچوں کی حوالگی سے متعلق ایک اہم کیس میں چار بچوں کو ان کے والد کی تحویل سے لے کر والدہ کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔ تاہم عدالتی کارروائی کے دوران بچے والدہ کے ساتھ جانے سے انکار کرتے رہے اور والد کے ساتھ جانے کے لیے چیخ و پکار کرتے رہے۔جسٹس محمد طارق ندیم نے سائلہ آسیہ بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار خاتون نے موقف اختیار کیا کہ وہ سات بچوں کی ماں ہیں جبکہ ان کے شوہر نے چار بچوں کو اپنے پاس رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ چاروں بچوں کو بازیاب کرا کے ان کے حوالے کیا جائے۔عدالتی حکم پر جھنگ پولیس چاروں بچوں کو لاہور ہائیکورٹ میں پیش کرنے کے لیے عدالت میں لے کر آئی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران درخواست گزار خاتون نے عدالت کو بتایا کہ ان کے شوہر نے بچوں کو ان سے الگ کر رکھا ہے اور وہ اپنے بچوں کی حوالگی چاہتی ہیں۔

دوسری جانب بچوں کے والد نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ان کی اہلیہ خود بچوں کو چھوڑ کر اپنے میکے چلی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بچے بھی اپنی والدہ کے ساتھ رہنے پر آمادہ نہیں اور ان کے ساتھ ہی رہنا چاہتے ہیں۔ فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے بچوں کو ان کی والدہ کے سپرد کر دیا ،عدالتی کارروائی کے بعد بچے والد کے ساتھ جانے کے لیے روتے اور چیخ و پکار کرتے رہے۔