تھلیسیمیا کی روک تھام کے لیے اجتماعی شعور اور عملی اقدامات وقت کی ضرورت ہیں، گورنرسندھ

پیر 15 جون 2026 17:15

تھلیسیمیا کی روک تھام کے لیے اجتماعی شعور اور عملی اقدامات وقت کی ضرورت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2026ء) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی عظیم خدمت نہیں اور فاطمید فاؤنڈیشن خون کی بیماریوں میں مبتلا افراد کے علاج، رضاکارانہ عطیہ خون اور تھلیسیمیا سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ عطیہ خون کے موقع پر فاطمید فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ معاشرے میں عطیہ خون کے رجحان کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ سماجی ذمہ داری ہے، کیونکہ ایک خون کا عطیہ کسی ضرورت مند کے لیے نئی زندگی کی امید بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) معین الدین حیدر انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت قابلِ تحسین کام انجام دے رہے ہیں اور فاطمید فاؤنڈیشن کے ذریعے ہزاروں افراد کی زندگیوں میں امید اور سہارا فراہم کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ تھلیسیمیا کی مؤثر روک تھام کے لیے معاشرتی رویوں میں تبدیلی ناگزیر ہے۔ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ شادی سے قبل نوجوان لڑکے اور لڑکی کے تھلیسیمیا ٹیسٹ کو معمول بنایا جائے تاکہ آنے والی نسلوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جب اس حوالے سے شعور عام ہوگا تو لوگ خود بخود اس احتیاطی عمل کو اختیار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ خون عطیہ کرنے والے افراد نہ صرف انسانیت کی خدمت کرتے ہیں بلکہ طبی ماہرین کے مطابق صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی جانب بھی زیادہ توجہ دیتے ہیں۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ سندھ اسمبلی میں تھلیسیمیا سے متعلق قانون سازی اور بل کی منظوری کے عمل میں فاطمید فاؤنڈیشن نے بھی مؤثر کردار ادا کیا، تاہم اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے مزید جامع اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل کی نسلوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔

انہوں نے قرآنِ کریم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا"جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کو بچایا۔"گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اسی وقت مضبوط اور خوشحال بن سکتا ہے جب اس کے شہری صحت مند ہوں، لہٰذا ہمیں اجتماعی طور پر خون عطیہ کرنے، تھلیسیمیا سے متعلق آگاہی پھیلانے اور اپنی سماجی ذمہ داری ادا کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔تقریب کے اختتام پر فاطمید فاؤنڈیشن کی جانب سے گورنر سندھ کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔