Live Updates

پنجاب کا بجٹ مسترد ،عوام کو حقیقی ریلیف کے بجائے نمائشی اقدامات پر زور دیا گیا‘جے یو آئی

بدھ 17 جون 2026 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2026ء) جمعیت علمائے اسلام نے پنجاب کا بجٹ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں عوام کو حقیقی ریلیف کے بجائے نمائشی اقدامات پر زور دیا گیا،پنجاب کا بجٹ اعداد و شمار کے گورکھ دھندے کے سوا کچھ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار قائم مقام امیر جے یو آئی پنجاب مولانا صفی اللہ، صوبائی سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احمد احرار، صوبائی ترجمان حافظ غضنفر عزیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ چھبیسویں آئینی ترمیم کے مطابق صوبائی سطح پر سود کے خاتمے کا کوئی لائحہ عمل نہیں دیا گیا اور تعلیم و صحت سے متعلق منصوبے شریف خاندان کے نام منسوب کرنا عوام کے مال پر ذاتی تشہیر کے سوا کچھ نہیں۔حافظ نصیر احمد احرار نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں مہنگائی کی شرح کے مطابق اضافہ کیا جائے، صوبائی حکومت کی جانب سے اعلان شدہ اضافہ مہنگائی کا منہ چڑانے اور عوام کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی آٹ سورسنگ ختم اور اساتذہ کے دیگر مطالبات بھی پورے کئے جائیں، بین الاقوامی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کیا جائے بصورت دیگر عوام باہر نکلنے پر مجبور ہوں گے اور معیشت کو اسلامی اصولوں اور عوام کی امنگوں و ضروریات کے مطابق تشکیل دیا جائے۔
Live بجٹ 27-2026ء سے متعلق تازہ ترین معلومات