رحیم یارخان ائرپورٹ کو آپریشنل بنانے کیلئے وفاقی حکومت سے بات کی ہے

ایئرپورٹ آپریشنل ہونے سے مشرق وسطی سے سرمایہ کاری آئے گی، پنجاب اور یواےای کے مابین مختلف شعبوں میں معاشی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کی اماراتی سفیر سے ملاقات اور گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 18 جون 2026 21:26

لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 17 جون 2026ء ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت  چوہدری شافع حسین نے اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے متحدہ  عرب امارات کے سفیر سالم محمد سلیم بواب ذیبی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ معاشی تعاون، پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے دوران پنجاب اور متحدہ عرب امارات کے مابین معاشی تعاون بڑھانے کی مختلف تجاویز پر غور ہوا۔ ٹیکسٹائل ، زراعت، لائیو سٹاک، انرجی، فوڈ سیکیورٹی، ای وی سیکٹر اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ دو طرفہ معاشی تعاون بڑھانے کیلئے دونوں جانب سے فوکل  پرسنز مقرر کر دیئے گئے۔ صوبائی وزیر نے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے امکانات اور دستیاب سہولیات بارے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں اور یہاں  سرمایہ کاری پر 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت موجود ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ رحیم  یار خان ائر پورٹ کو آپریشنل بنانے کیلئے وفاقی حکومت سے بات چیت کی ہے۔

یہ ایئرپورٹ آپریشنل ہونے سے مشرق وسطی سے یہاں سرمایہ کاری آئے گی متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کار رحیم یارخان انڈسٹریل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کی ضرورت اور ڈیمانڈ کے مطابق پنجاب میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنا رہے ہیں۔
قائد آباد میں پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن کیلئے نئی انڈسٹریل اسٹیٹ بنا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ ٹیکسٹائل  سیکٹر کے فروغ کیلئے قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں جدید سہولیات سے آراستہ گارمنٹ سٹی بنایا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ  پنجاب کے فراہم کردہ فنڈز سے ٹیوٹا کے اداروں میں لیبز کو آپ گریڈ کیا گیا ہے متحدہ عرب امارات پنجاب سے ضرورت کے مطابق تربیت یافتہ ہنرمند افرادی قوت حاصل کر سکتا ہے پنجاب سے  ہو اےای کو مٹن، بیف، چکن اور دیگر مصنوعات کی برآمد بڑھائی جاسکتی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان  اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔

متحدہ عرب امارات پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی پارٹنر ہے تاہم دونوں ممالک میں تجارتی حجم بڑھانے کی ضرورت ہے دونوں ممالک کی دوستی کے رشتے کو مضبوط معاشی دوستی میں بدلنے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کا مخلص دوست ہے جو مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے سفیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کئی  دفعہ لاہور جاچکا ہوں،لاہور پنجاب کا خوبصورت اور ثقافتی شہر ہے انہوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ رحیم یار خان کا آئر پورٹ جلد آپریشنل ہوگا۔