گورنر پنجاب سے پیپلز پارٹی کے اراکین کی ملاقات، عوامی مسائل پر آواز اٹھانے کیلئے قیادت کا پیغام پہنچایا

غریب عوام، تنخواہ دار طبقہ اور پنشنرز مہنگائی کے باعث مشکلات کا شکار ہیں‘ سردار سلیم حیدر خان کی ملاقات میں گفتگو

جمعہ 19 جون 2026 18:00

گورنر پنجاب سے پیپلز پارٹی کے اراکین کی ملاقات، عوامی مسائل پر آواز ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2026ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی ، گورنر پنجاب نے اراکین اسمبلی کو پارٹی قیادت کا پیغام پہنچایا اور اسمبلی میں عوامی مسائل اجاگر کرنے کی ہدایت کی۔گورنر ہائوس لاہور میں ہونے والی ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے اراکین اسمبلی کو ہدایات جاری کیں اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پیغام بھی پہنچایا، ملاقات میں گلگت بلتستان کے سیاسی حالات پر بھی گفتگو ہوئی۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے اور یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا، پارٹی نے جمہوریت کے لئے تاریخی قربانیاں دی ہیں، اب وقت ہے کہ اپنی صفوں میں اتحاد مزید مضبوط کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے اراکین کے ساتھ کسی بھی زیادتی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، عوامی ترقیاتی منصوبوں میں پارٹی کے ارکان اسمبلی کا بھی حق ہے۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہمیشہ اپنے پارلیمنٹرینز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب بلاول بھٹو زرداری عوامی مینڈیٹ کے ذریعے ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ غریب عوام، تنخواہ دار طبقہ اور پنشنرز مہنگائی کے باعث مشکلات کا شکار ہیں اس لئے پیپلز پارٹی کو عوامی حقوق کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی اور وہاں کے انتخابات کے بعد ملک بھر میں پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔