پی سی بی اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے درمیان معاہدہ، جدہ میں جدید کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کا اعلان

جمعرات 2 جولائی 2026 16:51

پی سی بی اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے درمیان معاہدہ، جدہ میں جدید کرکٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2026ء) پاکستان کرکٹ بورڈ اور سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے درمیان کرکٹ کے فروغ اور انفرا اسٹرکچر کی ترقی کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط کر دیے گئے جس کے تحت جدہ میں ایک جدید بین الاقوامی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔معاہدے پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی اور چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے دستخط کیے۔

ایم او یو کے مطابق دونوں ادارے کرکٹ انفرا اسٹرکچر کی ترقی، آپریشنل معیارات، استعداد کار میں اضافے اور کھیل کے فروغ کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کریں گے۔اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ، سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک ایسی شراکت داری قائم کر رہے ہیں جو نہ صرف کرکٹ کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی بلکہ پاک سعودی تعلقات کو بھی مزید مضبوط بنائے گی۔

معاہدے کے تحت جدید اور مربوط کرکٹ انفرا اسٹرکچر کی تعمیر کے علاوہ سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور انہیں نئے مواقع فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی۔چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن نے کہا کہ پاک سعودی شراکت داری صرف کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر تک محدود نہیں رہے گی بلکہ یہ منصوبہ مملکت میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔