تاشقند میں فیفا ورلڈ کپ میچ کی لائیو سکریننگ، پاکستان کی فٹ بال مینوفیکچرنگ انڈسٹری کی شاندار نمائش

جمعہ 3 جولائی 2026 13:04

تاشقند میں فیفا ورلڈ کپ میچ کی لائیو سکریننگ، پاکستان کی فٹ بال مینوفیکچرنگ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2026ء) تاشقند میں ازبکستان اور پرتگال کے درمیان فیفا ورلڈ کپ 2026 کے میچ کی لائیو سکریننگ کے دوران پاکستان کی عالمی معیار کی فٹ بال مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو نمایاں طور پر دکھایا گیا۔ ترجمان وزارت تجارت کے مطابق وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کھیلوں کے ایک بڑے پلیٹ فارم پر ملک کی مینوفیکچرنگ کی مہارت کو کامیابی سے فروغ دینے پر تاشقند میں پاکستان کے تجارتی مشن کی فعال کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ہزاروں بین الاقوامی فٹ بال شائقین کے سامنے پاکستان کی صنعتی طاقت، برآمدی صلاحیت اور سافٹ امیج کو پیش کرنے کے لئے عوامی سفارت کاری کے موثر استعمال کی عکاسی کرتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر اپنی فٹ بال مینوفیکچرنگ انڈسٹری بالخصوص سیالکوٹ کی دستکاری پر فخر ہے جو بڑے بین الاقوامی مقابلوں کے لئے پریمیم معیار کے فٹ بال فراہم کرتی رہتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات پاکستان کو عالمی منڈی میں ایک قابل اعتماد، مسابقتی اور معیار پر مبنی مینوفیکچرنگ حب کے طور پر پوزیشن دینے میں مدد کرتے ہیں۔ جام کمال نے کہا کہ بین الاقوامی تقریبات میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش برآمدات کو بڑھانے، کاروباری اعتماد بڑھانے اور ازبکستان سمیت پارٹنر ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارتی اور اقتصادی روابط کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

مقامی ازبک حکام کے ساتھ مل کر، تاشقند میں پاکستان کے تجارتی مشن نے بنیودکور سٹیڈیم اور ہمو ایرینا میں پروموشنل سرگرمی کا اہتمام کیا، جہاں ہزاروں ازبک فٹ بال شائقین میچ دیکھنے کے لئے جمع تھے۔مشن نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کی آفیشل میچ گیند "ٹریونڈا" کو نمایاں کیا، جسے ملک کے معروف فٹ بال مینوفیکچررز میں سے ایک فارورڈ سپورٹس کے ساتھ سیالکوٹ، پاکستان میں تیار کیا گیا۔

مقامی سامعین کے درمیان زیادہ سے زیادہ رسائی کے لئے، مشن نے فارورڈ سپورٹس کی پروموشنل دستاویزی فلم کا ازبک زبان میں ترجمہ کیا تھا۔ دستاویزی فلم دونوں مقامات پر میچ سے پہلے دکھائی گئی اور دنیا بھر کے بڑے بین الاقوامی مقابلوں میں استعمال ہونے والے پریمیم معیار کے فٹ بال تیار کرنے میں پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ مہارت کی نمائش کی گئی۔

سفارت خانے کے نمائندوں نے تاشقند سٹی کے گورنر شوکت عمر زاکوف کو پاکستان میں تیار کردہ "ٹریونڈا" فٹ بال بھی پیش کیا، جو پاکستان اور ازبکستان کے درمیان پائیدار دوستی اور بڑھتے ہوئے شراکت داری کی علامت ہے۔تجارتی مشن پاکستان کی عالمی معیار کی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ازبکستان کے لوگوں اور کاروباری برادری میں ملک کی برآمدی صلاحیت کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کے لئے آنے والے ہفتوں میں مزید پروموشنل ایونٹس منعقد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔