بیجنگ میں پاکستانی آموں کی دھوم، نئی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

جمعہ 3 جولائی 2026 17:44

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2026ء) پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر چین میں پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام پاکستان۔چین سلک روڈ مینگو فیسٹیول 2026 کا انعقاد کیا گیا،اس موقع پر پاکستان ہاؤس سندھڑی اور چونسہ آموں کی دلکش خوشبو سے مہک اٹھا۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق ایشیا۔

افریقہ ٹریڈ پروموشن آفس کے اشتراک سے منعقد ہونے والے اس میلے میں 400 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی، جن میں چینی حکام، مختلف ممالک کے سفارتی نمائندے، کاروباری شخصیات، میڈیا نمائندگان، فنکار، اور ثقافتی و تجارتی تنظیموں کے اراکین شامل تھے۔رپورٹ کے مطابق تقریب میں پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ آموں کے ساتھ آم سے تیار کردہ مختلف مصنوعات بھی پیش کی گئیں، جن کے ذریعے پاکستان کے زرعی وسائل کی فراوانی اور اعلیٰ معیار کے آم پیدا کرنے والے ملک کے طور پر اس کی دیرینہ شہرت کو اجاگر کیا گیا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے آم کو پھلوں کا بادشاہ اور پاکستان کے ثقافتی ورثے کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی دوستوں کے ساتھ پاکستانی آموں کی مٹھاس بانٹنا دونوں ممالک اور عوام کے درمیان خیرسگالی، باہمی اعتماد اور گہری دوستی کا مظہر ہے۔ ان کے مطابق یہ میلہ پاکستانی ثقافت، تجارت اور روایتی ذائقوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر پیش کرنے کا بہترین موقع ثابت ہوا۔

شام کی اہم ترین سرگرمی دو مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط تھے، جن کا مقصد آموں کی تجارت اور لاجسٹکس کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔ ایک معاہدہ چائنا اولے ہائی اینڈ سپر مارکیٹ اور تیانجن مڈٹرانس انٹ کمپنی کے درمیان طے پایا، جبکہ دوسرا ہینان جیاؤ لونگ ٹیکنالوجی کمپنی اور آر آئی سی نیکسس کے درمیان دستخط کیا گیا۔چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق تقریب کے اختتام پر معروف پاکستانی موسیقی بینڈ کلتور اور پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ کے طلبہ نے پاکستانی اور چینی روایتی نغمے پیش کیے، جنہیں شرکاء نے بھرپور سراہا۔