گجرات چیمبر کے وفد کی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ملاقات، کارگو سروسز اور تجارتی سہولیات بہتر بنانے پر اتفاق

جمعہ 3 جولائی 2026 22:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2026ء) گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احمد حسن مٹو کی قیادت میں ایک وفد نے وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی سے وزارتِ ریلوے میں ملاقات کی، جس میں ریلوے کے ذریعے ملکی تجارت کے فروغ، کارگو سروسز کی بہتری اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد میں سابق ایم پی اے و سابق میئر گجرات حاجی ناصر محمود، سابق صدر گجرات چیمبر باؤ منیر احمد، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین اور صنعتکاروں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ملاقات کے دوران صنعتکاروں کو بہتر ریلوے سہولیات کی فراہمی، کارگو آپریشنز کو جدید خطوط پر استوار کرنے، لاجسٹکس نظام کو مؤثر بنانے، سامان کی بروقت ترسیل اور گجرات سمیت مختلف صنعتی علاقوں کو ریلوے نیٹ ورک سے مزید فعال انداز میں منسلک کرنے سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

وفد نے وفاقی وزیر کو کاروباری برادری کو درپیش مسائل اور تجاویز سے آگاہ کرتے ہوئے نجی شعبے کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے اور ریلوے کارگو سروسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی نے کہا کہ حکومت پاکستان ریلوے کو قومی معیشت کا ایک مضبوط اور مؤثر ستون بنانے کے لیے جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کے ذریعے تجارت اور صنعت کے فروغ، کارگو آپریشنز کی استعداد میں اضافے، جدید سہولیات کی فراہمی اور کاروباری برادری کے ساتھ مسلسل مشاورت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان ریلوے کو ملکی تجارت کے لیے تیز رفتار، قابل اعتماد اور کم لاگت ٹرانسپورٹ نظام میں تبدیل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ کاروباری برادری کی قابل عمل تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا اور کارگو سہولیات، ریلوے کی کارکردگی اور تجارتی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔وفد نے وزیر ریلوے کی جانب سے مسائل کے حل اور کاروباری برادری کے ساتھ مستقل رابطے کی یقین دہانی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت اور نجی شعبے کے باہمی تعاون سے ملکی تجارت، برآمدات اور صنعتی سرگرمیوں کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔