امریکہ کا 250 واں یوم آزادی: ٹرمپ مرکز توجہ

DW ڈی ڈبلیو اتوار 5 جولائی 2026 13:00

امریکہ کا 250 واں یوم آزادی: ٹرمپ مرکز توجہ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 05 جولائی 2026ء) امریکن ڈریم واپس آ چکا ہے، صدر ٹرمپ


امریکن ڈریم واپس آ چکا ہے، صدر ٹرمپ

امریکہ نے اپنے قیام کے 250 سال مکمل ہونے کا جشن شاندار آتش بازی اور فوجی فضائی مظاہروں کے ساتھ منایا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رات گئے قوم سے خطاب میں کہا کہ امریکن ڈریم واپس آ چکا ہے۔

واشنگٹن میں نیشنل مال پر منعقدہ ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے پرجوش مجمعے سے کہا، ’’ہم ہمیشہ سب سے آگے رہیں گے۔

ہم کبھی اپنے ملک کو زوال کا شکار نہیں ہونے دیں گے۔ ہم ہمیشہ بہترین رہیں گے۔‘‘

خراب موسم اور شدید گرج چمک کے باعث کچھ وقت کے لیے دارالحکومت میں منعقدہ مرکزی تقریب میں خلل بھی پڑا۔ تاہم موسم بہتر ہوا تو شاندار آتش بازی اور فضائی مظاہروں کا اہتمام بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح ملک کے مختلف حصوں میں بھی یوم آزادی کی خوشیاں شدید موسمی حالات میں منائی گئیں۔

ملک کے کئی علاقے گزشتہ چند دنوں سے سخت گرمی کی لہر کی لپیٹ میں تھے۔

ناقدین کے مطابق صدر ٹرمپ کے خطاب میں سیاسی رنگ بھی نمایاں رہا، جو عمومی طور پر یوم آزادی کے روایتی صدارتی خطابات سے مختلف قرار دیا جا رہا ہے۔ عام طور پر امریکی صدور اس موقع پر قومی یکجہتی کا پیغام دیتے ہیں لیکن ٹرمپ نے ایک بار پھر SAVE America Act نامی انتخابی بل کی حمایت کی، جسے کانگریس میں ان کی اپنی جماعت کے بعض ارکان کی جانب سے بھی مزاحمت کا سامنا ہے۔

انہوں نے امریکی آئین کی دوسری ترمیم کے تحت اسلحہ رکھنے کے حق کی حمایت کا اعادہ کیا اور کمیونزم پر تنقید بھی دہرائی۔ واضح رہے کہ نومبر کے وسط مدتی انتخابات سے قبل یہ دونوں باتیں ٹرمپ کے سیاسی بیانیے کا اہم حصہ بنتی جا رہی ہے۔

امریکہ میں شدید گرمی اور خراب موسم نے کئی تقریبات کو متاثر بھی کیا۔ بالخصوص کنیکٹیکٹ کے شہر ہارٹفورڈ اور پنسلوانیا کے شہروں ہیریس برگ اور ولکس بیری میں جشن منسوخ کر دیا گیا۔ بوسٹن میں آتش بازی اور کنسرٹ کے شرکاء کو عارضی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ فلاڈیلفیا میں بھی انخلا کے احکامات جاری کیے گئے۔ نیویارک اور پٹسبرگ میں آتش بازی کی تقریبات منعقد ہوئیں تاہم ان کے اوقات تبدیل کر دیے گئے۔