شاہین چوک اسلام آباد پر فائرنگ، بیچ بچاؤ کرانے والے پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن شہید

نامعلوم مسلح لڑکا ایک لڑکی کو زبردستی گاڑی میں ڈال کر لے جا رہا تھا اور ان کے درمیان شدید لڑائی جھگڑا ہو رہا تھا، اسی دوران وہاں سے پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق ولد محمد طارق گزر رہے تھے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 5 جولائی 2026 14:20

شاہین چوک اسلام آباد پر فائرنگ، بیچ بچاؤ کرانے والے پاک فضائیہ کے گروپ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جولائی 2026ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ کی حدود میں ایئر یونیورسٹی اور بحریہ یونیورسٹی کے بلمقابل شاہین چوک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پاکستان ایئر فورس کے گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید ہوگئے، واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایئر فورس کے افسر نے ایک لڑکی کو زبردستی گاڑی میں ڈالنے والے ملزمان کے درمیان بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تھانہ مارگلہ کی حدود میں واقع شاہین چوک میں ایک نامعلوم مسلح لڑکا ایک لڑکی کو زبردستی گاڑی میں ڈال کر لے جا رہا تھا اور ان کے درمیان شدید لڑائی جھگڑا ہو رہا تھا، اسی دوران وہاں سے پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم طارق ولد محمد طارق گزر رہے تھے، لڑکی کو زبردستی لے جاتے دیکھ کر گروپ کیپٹن عاصم طارق نے انسانی ہمدردی کے تحت دونوں فریقین کے درمیان آنے اور بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ گروپ کیپٹن کے مداخلت کرنے پر گاڑی میں سوار نامعلوم مسلح لڑکے نے طیش میں آ کر فائرنگ کر دی، گولی گروپ کیپٹن عاصم طارق کو لگی، جس کے نتیجے میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی شہید ہو گئے، واقعے کے فوراً بعد گروپ کیپٹن عاصم طارق کی میت کو پاکستان ایئر فورس کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ مارگلہ کے ایڈیشنل ایس ایچ او صدیق اور ڈیوٹی افسر نوید بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ لڑکی کو فوری طور پر اپنی تحویل میں لے لیا، دوسری جانب فائرنگ کرنے والے گاڑی سوار نامعلوم ملزمان موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کر دی گئی۔