ٹنڈولکر پیچھے رہ گئے، ویبھو سوریاونشی بھارت کی جانب سے انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے کم عمر کھلاڑی بن گئے

سچن ٹنڈولکر نے انٹرنیشنل ڈیبیو 16 سال 205 دن کی عمر میں کیا تھا ، سوریاونشی نے 15 سال اور 99 دن کی عمر میں ڈیبیو کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 5 جولائی 2026 14:37

ٹنڈولکر پیچھے رہ گئے، ویبھو سوریاونشی بھارت کی جانب سے انٹرنیشنل ڈیبیو ..
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 جولائی 2026ء) بھارت کے نوجوان کرکٹر ویبھو سوریاونشی انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو یادگار نہ بناسکے۔
بھارت نے سابق کرکٹرز کی جانب سے تنقید کے بعد انگلینڈ کے خلاف مانچسٹر میں دوسرے ٹی 20 میچ میں ویبھو سوریا ونشی کو ڈیبیو کروایا ہے۔ 
نوجوان کرکٹر ڈیبیو میچ میں 10 گیندوں پر 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

انہیں ول جیکس کی گیند پر کیپر جوز بٹلر نے اسٹمپ کیا۔
واضح رہے کہ ویبھو سوریاونشی بھارت کی جانب سے انٹرنیشنل میچ میں ڈیبیو کرنے والے کم عمر کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ 
سچن ٹنڈولکر نے بھارت کے لیے انٹرنیشنل ڈیبیو 16 سال 205 دن کی عمر میں پاکستان کیخلاف 1989ء میں کیا تھا جبکہ سوریاونشی نے 15 سال اور 99 دن کی عمر میں میں ڈیبیو کیا ہے۔

(جاری ہے)

 
بھارت کی جانب سے سوریا کمار یادیو کو ہٹا کر کپتانی شریاس ایئر کو سونپی گئی ہے جس کے بعد وہ پہلی ہی سیریز میں ناکام ثابت ہوئے جب آئرلینڈ نے انہیں ٹی 20 سیریز میں 2-0 سے شکست دی۔ 
اس سیریز میں شکست کے بعد سابق کرکٹرز اور کرکٹ شائقین کی جانب سے بھارتی ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ سوریاونشی کو ڈیبیو کروایا جائے۔ 
اس سے قبل ویبھو سوریاونشی نے سری لنکا اے کے خلاف ون ڈے میچ میں تیز ترین نصف سنچری اسکور کی تھی جبکہ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں بھی کئی شاندار اننگز کھیل چکے ہیں۔