w ضلع کرک کیلئے اربوں روپے کے فلڈ پروٹیکشن منصوبوں کی منظوری

فلڈ والز، چیک ڈیمز اور آبی ذخائر تعمیر ہوں گے، سیلابی نقصانات میں کمی اور زرعی شعبے کو فائدہ پہنچے گا

اتوار 5 جولائی 2026 20:00

کرک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جولائی2026ء) حکومت خیبرپختونخوا نے ضلع کرک کے مختلف علاقوں میں اربوں روپے مالیت کے فلڈ پروٹیکشن اور آبی ذخائر کے متعدد منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔سرکاری بیان مطابق منصوبوں میں فلڈ پروٹیکشن والز، حفاظتی چیک ڈیمز، کاز ویز اور چھوٹے آبی ذخائر شامل ہیں، جو سیلاب سے متاثرہ متعدد علاقوں میں تعمیر کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق منصوبوں کا مقصد زرعی اراضی، آبادیوں، سڑکوں، پلوں اور دیگر عوامی انفراسٹرکچر کو سیلاب سے محفوظ بنانا، پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ، آبپاشی کے نظام کو بہتر بنانا اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی استعداد بڑھانا ہے۔رکن صوبائی اسمبلی محمد سجاد بارکوال نے کہا کہ منصوبوں کی منظوری مسلسل پیروی کا نتیجہ ہے اور ان پر بروقت اور شفاف انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام جلد ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔مقامی عمائدین نے منصوبوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان سے سیلابی نقصانات میں کمی، زرعی پیداوار میں اضافہ اور علاقائی ترقی کو فروغ ملے گا۔