حکومت کا محنت کشوں کے ایک لاکھ بچوں کو مفت تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی ہدایت پر منصوبے کا آغاز کردیا گیا، جماعت اول سے انٹرمیڈیٹ تک رجسٹرڈ محنت کشوں کے بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 5 جولائی 2026 19:05

حکومت کا محنت کشوں کے ایک لاکھ بچوں کو مفت تعلیمی سہولیات فراہم کرنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جولائی2026ء) وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ چوہدری سالک حسین کی ہدایت پر ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تحت رجسٹرڈ محنت کشوں کے مزید ایک لاکھ بچوں کو مفت تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس اقدام کا مقصد محنت کش خاندانوں کے بچوں کو معیاری تعلیم تک مساوی رسائی فراہم کرنا اور انہیں مالی مشکلات کے باعث تعلیم سے محروم ہونے سے بچانا ہے۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق منصوبے کے تحت رجسٹرڈ محنت کشوں کے بچوں کو جماعت اول سے انٹرمیڈیٹ تک تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی، وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ایک لاکھ بچوں کو تعلیم کی فراہمی کے منصوبے پر فوری اور مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے، تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، اسے کسی مخصوص طبقے کی مراعات نہیں سمجھا جا سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت وزیراعظم شہباز شریف کے وڑن کے مطابق محنت کش خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اس منصوبے کے ذریعے ایک لاکھ بچوں کو تعلیم اور ایک لاکھ خاندانوں کو بہتر مستقبل کی امید فراہم کی جائے گی، ورکرز ویلفیئر فنڈ کو جدید، مؤثر اور عوام دوست ادارہ بنایا جا رہا ہے تاکہ محنت کش طبقے کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ محنت کشوں کے بچوں کی تعلیم پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، جس ہاتھ نے پاکستان بنایا، اب اس کے بچے پاکستان کا مستقبل لکھیں گے، اس منصوبے کے ذریعے ورکرز ویلفیئر فنڈ کی تعلیمی سہولیات کا دائرہ ملک بھر میں مزید وسیع کیا جائے گا، جس سے ہزاروں محنت کش خاندان براہِ راست مستفید ہوں گے۔