سانحہ گل پلازہ کیس : عدالت نے تنویر پاستا سمیت 6ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرلی

کم عمر بچے کا مقدمہ اس عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، اس کے لیے علیحدہ عدالت موجود ہے،عدالت

پیر 6 جولائی 2026 16:24

سانحہ گل پلازہ کیس : عدالت نے تنویر پاستا سمیت 6ملزمان کی درخواست ضمانت ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2026ء) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ اسلم شیخ کی عدالت نے سانحہ گل پلازہ کیس میں ایسوسی ایشن کے صدر تنویر پاستا، 11 سالہ حذیفہ سمیت 6 ملزمان کی درخواستِ ضمانت منظور کرلی ہے ۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ اسلم شیخ کی عدالت میں سانحہ گل پلازہ کیس میں ایسوسی ایشن کے صدر تنویر پاستا، 11 سالہ حذیفہ سمیت 6 ملزمان کی درخواستِ ضمانت پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کم عمر بچے حذیفہ کی درخواستِ ضمانت اس عدالت میں کیوں دائر کی گئی ہے۔وکیلِ صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ چالان ایک ہی مقدمے کا ہے، اس لیے درخواست یہاں دائر کی گئی۔عدالت نے استفسار کیا کہ بچے کا اس مقدمے میں کیا کردار ہے۔وکیلِ صفائی نے کہا کہ 72 افراد جان سے گئے، مگر پولیس نے آدھے صفحے میں کیس نمٹا دیا اور کسی بھی سول ادارے پر ذمہ داری عائد نہیں کی۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیے کہ پولیس نے پہلے ہی ان افراد کو گرفتار نہ کرکے رعایت دی ہے۔عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ چارج شیٹ دو مرتبہ مسترد ہو چکی ہے، لیکن انہی اعتراضات کے باوجود دوبارہ چالان جمع کرایا گیا ہے۔عدالت نے قرار دیا کہ کم عمر بچے کا مقدمہ اس عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، اس کے لیے علیحدہ عدالت موجود ہے۔عدالت نے استفسار کیا کہ دیگر ملزمان کا اس مقدمے میں کیا کردار ہے۔

وکیلِ صفائی نے بتایا کہ تنویر پاستا پر بجلی بند کرانے کا الزام ہے اور آج کل ہر شخص کے ہاتھ میں موبائل فون اور ٹارچ موجود ہوتی ہے۔عدالت نے استفسار کیا کہ نعمت اللہ کون ہیں۔وکیلِ صفائی نے بتایا کہ نعمت اللہ، کم عمر ملزم حذیفہ کے والد ہیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ مقدمے میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 322 لگائی گئی ہے، جس کے تحت دیت کی رقم بہت زیادہ بنتی ہے۔

وکیلِ صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ متاثرین کو ہی ملزم بنایا جا رہا ہے جبکہ اصل انتظامیہ کو بچایا جا رہا ہے۔عدالت نے تنویر پاستا سمیت 5 ملزمان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں پانچ، پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا، جبکہ کم عمر حذیفہ کی 10 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔دیگر ملزمان میں عمار اسماعیل (نائب صدر گل پلازہ)، جوائنٹ سیکریٹری محمد رمضان، محمد امین اور نعمت اللہ شامل ہیں۔