بغاوت اور میڈیا ہاؤس پر حملے سے متعلق ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے خلاف مقدمات کی سماعت ملتوی

مقدمات میں بانی ایم کیو ایم کو مفرور قرار دیا گیا ہے،استغاثہ کے مطابق ملزمان کے خلاف آرٹلری میدان تھانے میں مقدمات درج کیے گئے تھے

پیر 6 جولائی 2026 16:24

بغاوت اور میڈیا ہاؤس پر حملے سے متعلق ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے خلاف ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2026ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بغاوت اور میڈیا ہاؤس پر حملے سے متعلق ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے خلاف مقدمات کی سماعت اگست کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی ہے ۔انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں بغاوت اور میڈیا ہاؤس پر حملے سے متعلق مقدمات کی سماعت ہوئی۔ڈاکٹر فاروق ستار، عامر خان، سابق رکنِ قومی اسمبلی عبدالقادر خانزادہ، رکنِ سندھ اسمبلی قر اةلعین، قمر منصور، شاہد پاشا اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

ایم کیو ایم کے کارکن راؤ طارق کو ایمبولینس کے ذریعے عدالت لایا گیا۔ وکیلِ صفائی محمد جیوانی ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ راؤ طارق گردوں کے مرض میں مبتلا ہیں، لہٰذا انہیں حاضری سے استثنا دیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملزم فیصل گزشتہ روز انتقال کر گئے ہیں۔عدالت نے مقدمات کی سماعت اگست کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔مقدمات میں بانی ایم کیو ایم کو مفرور قرار دیا گیا ہے۔

استغاثہ کے مطابق ملزمان کے خلاف آرٹلری میدان تھانے میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے بانی ایم کیو ایم کی سہولت کاری کی۔ استغاثہ کے مطابق بانی ایم کیو ایم نے 22 اگست 2016 کو پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کی تھی، جس کے بعد ایم کیو ایم کے کارکنوں نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے میڈیا ہاؤس پر حملہ کیا تھا۔