ایف پی سی سی آئی اور انویسمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی پروموشن بحرین کا ایس ایم ایز کی ترقی کے لیے تعاون کرنے کا عزم

پیر 6 جولائی 2026 23:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2026ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے اقوامِ متحدہ کے صنعتی ترقیاتی ادارے، انویسمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی پروموشن آفس بحرین کے سربراہ ڈاکٹر ہاشم حسین کے ایف پی سی سی آئی کے دورے کا خیرمقدم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں، کاروباری مواقع، سرمایہ کاری، جدت، فنی و پیشہ ورانہ تربیت اور نجی شعبے کی ترقی کے فروغ کے لیے ایف پی سی سی آئی اورUNIDO-ITPO بحرین کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی UNIDO-ITPO بحرین کے ساتھ اپنے تعاون کو انتہائی اہمیت دیتی ہے اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر کاروباری برادری، خصوصاً خواتین اور نوجوان کاروباری افراد کے لیے استعداد کار میں اضافے، ٹیکنالوجی کی منتقلی، بین الاقوامی روابط اور پائیدار معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

کراچی کے تین روزہ دورے کے دوران ڈاکٹر ہاشم حسین نے ایف پی سی سی آئی ہیڈ آفس کراچی میں سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی ثاقب فیاض مگوں سے متعدد اہم ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں ایس ایم ایز، خواتین اور نوجوانوں کی کاروباری ترقی، فنی و پیشہ ورانہ تربیت، سرمایہ کاری کے فروغ، مالی وسائل تک رسائی، بین الاقوامی روابط اور نجی شعبے کی ترقی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی اور ایف پی سی سی آئی،TDAP اور UNIDO-ITPO بحرین کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔ڈاکٹر ہاشم حسین نے ایف پی سی سی آئی میں خواتین اور نوجوان کاروباری افراد کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں بھی شرکت کی؛ جہاں شرکاء نے بین الاقوامی روابط، فنی و پیشہ ورانہ تربیت، مالی وسائل تک بہتر رسائی، کاروباری رہنمائی (مینٹورنگ) اور نئی برآمدی منڈیوں تک رسائی کے لیے معاونت کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے شرکاء کے جذبے کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہUNIDO-ITPO بحرین ایف پی سی سی آئی کے ساتھ علم کی منتقلی، استعداد کار میں اضافے اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے کاروباری ترقی کی حمایت جاری رکھے گا۔ایک اور اجلاس میں ڈاکٹر ہاشم حسین نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد سے ملاقات کی؛جس میں صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ، فنی تربیت، کاروباری صلاحیتوں کی ترقی، علم و مہارت میں اضافے، تجارتی مراکز کے قیام اور منڈیوں تک بہتر رسائی کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔

شرکاء نے بلوچستان کی معاشی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے تکنیکی معاونت اور ادارہ جاتی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ڈاکٹر ہاشم حسین نے ایف پی سی سی آئی کے لانچ پیڈ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ کاروباری افراد سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر جدت، اسٹارٹ اپس کی ترقی، بین الاقوامی روابط، مالی وسائل تک رسائی، غیر ملکی کاروباری اداروں سے روابط اور ٹیکنالوجی پر مبنی کاروباری مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے ایف پی سی سی آئی کے لانچ پیڈ پروگرام کو نوجوان کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی اور پاکستان میں جدید کاروباری رجحانات کے فروغ کے لیے ایک مؤثر اقدام قرار دیا۔اپنے دورے کے دوران ڈاکٹر ہاشم حسین نے میزان بینک کے صدر اور اعلیٰ انتظامیہ سے بھی اس کے ہیڈ آفس میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ایس ایم ایز کے لیے مالی معاونت کے فروغ، کارپوریٹ، کمرشل اور سرمایہ کاری بینکاری خدمات کو مزید مضبوط بنانے اور کاروباری سرگرمیوں، صنعتی ترقی اور پائیدار معاشی نمو کے لیے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر ہاشم حسین کا یہ دورہ ایف پی سی سی آئی اورUNIDO-ITPO بحرین کے درمیان دیرینہ تعاون کو مزید مستحکم کرے گا اور کاروباری ترقی، ایس ایم ایز کی معاونت، سرمایہ کاری کے فروغ، جدت، مہارتوں کی ترقی اور بین الاقوامی کاروباری تعاون کے حوالے سے مشترکہ عملی اقدامات کی راہ ہموار کرے گا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایف پی سی سی آئی پاکستان کے نجی شعبے اور عالمی ترقیاتی اداروں کے درمیان ایک مؤثر پل کا کردار ادا کرتی رہے گی تاکہ ملک کی سماجی و معاشی ترقی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔