پوڈ کاسٹر ریحان طارق کیخلاف ایف آئی آر میں متعدد سنگین دفعات شامل ہونے کا انکشاف

ریحان طارق نے مذہبی سکالر سے متنازعہ اور حساس معاملے پر سوالات کیے، سوال کی نوعیت اور پوچھنے کا انداز مختلف مسالک میں فرقہ واریت بڑھانے کا سبب ہوسکتا ہے؛ ایف آئی آر کا متن

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 9 جولائی 2026 12:58

پوڈ کاسٹر ریحان طارق کیخلاف ایف آئی آر میں متعدد سنگین دفعات شامل ہونے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جولائی 2026ء) اینکر اور پوڈ کاسٹ ہوسٹ ریحان طارق کے خلاف مذہبی اسکالر سے متنازعہ اور حساس موضوع پر گفتگو کرنے اور فرقہ واریت کو ہوا دینے کے الزام میں باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا، ایف آئی آر میں توہینِ مذہب اور پیکا ایکٹ سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔ صحافی محمد عمیر کے مطابق ایف آئی آر کے متن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریحان طارق نے ایک مذہبی اسکالر کے ساتھ پوڈ کاسٹ کے دوران ایک انتہائی متنازعہ اور حساس معاملے پر سوالات کیے، ان کے سوالات کی نوعیت اور پوچھنے کا مخصوص انداز مختلف مسالک کے درمیان فرقہ واریت اور مذہبی دوریاں بڑھانے کا سبب بن سکتا ہے۔

مقدمے کے متن میں یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ پوڈ کاسٹ کی ریکارڈنگ کے دوران ریحان طارق نے ایک اور مذہبی اسکالر کی ویڈیو کا حوالہ دیا، جس ویڈیو میں نشانہ بننے والے مسلک کے خلاف ہونے والے پرتشدد واقعات کی مبینہ طور پر حمایت اور وضاحت کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ریحان طارق کے خلاف درج کی گئی اس ایف آئی آر میں پیکا ایکٹ کے علاوہ توہینِ مذہب اور مقدس شخصیات کی توہین کے حوالے سے تعزیراتِ پاکستان کی متعلقہ قانونی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں، جس کے تحت پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔