اسلام آباد میں سکیورٹی سپروائزر کی لڑکی کے ساتھ نازیبا حرکات اور چھیڑ چھاڑ

سوسائٹی کے پارک میں آئی لڑکی کو وہاں تعینات سکیورٹی گارڈ نے ڈرایا دھمکایا، خوفزدہ کیا اور اپنے آفس لے گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 12 جولائی 2026 14:47

اسلام آباد میں سکیورٹی سپروائزر کی لڑکی کے ساتھ نازیبا حرکات اور چھیڑ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی 2026ء) وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کا دعویٰ کرنے والے ادارے ہی خواتین کے لیے غیر محفوظ بن گئے، اسلام آباد کی ایک رہائشی ہاؤسنگ سوسائٹی 'سواں گارڈن' میں سکیورٹی سپروائزر کی جانب سے پارک میں آئی ایک خاتون کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے، نازیبا حرکات کرنے اور ڈرانے دھمکانے کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج اور اطلاعات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی سوسائٹی کے ایک پارک میں آئی لڑکی کو وہاں تعینات سکیورٹی گارڈ نے پہلے ڈرایا دھمکایا اور خوفزدہ کیا، بعد ازاں وہ لڑکی کو اپنے آفس لے گیا، جہاں سکیورٹی سپروائزر کو لڑکی کے ساتھ نازیبا حرکات اور چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے، اس واقعے نے ہاؤسنگ سوسائٹیز میں خواتین کے تحفظ پر سنگین سوالات اٹھا دیئے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ سوسائٹی کی حالتِ زار اور سیکیورٹی عملے کی اس گھناؤنی حرکت پر سوشل میڈیا پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا، جس کے بعد اسلام آباد پولیس فوری طور پر متحرک ہو گئی، اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ اس افسوسناک کیس میں باقاعدہ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں پولیس حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملزم سے واقعے کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے اور قانون کے تمام تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ خواتین کو ہراساں کرنے والے ایسے عناصر کو عبرت کا نشان بنایا جا سکے۔