ہر وزارت میں مبینہ کرپشن یا بے ضابطگیوں کا انکشاف

لوٹ مار کا ماحول گرم ہے، جو وزارت بھی اٹھا کر دیکھ لیں اس میں اۤڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق دس بارہ ارب کی کرپشن یا بے ضابطگیاں سامنے اۤرہی ہیں؛ اینکرپرسن اسداللہ خان کا دعویٰ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 12 جولائی 2026 13:06

ہر وزارت میں مبینہ کرپشن یا بے ضابطگیوں کا انکشاف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی 2026ء) اینکر پرسن اسد اللہ خان نے ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اس وقت ملک میں لوٹ مار کا ماحول گرم ہے اور سرکاری محکموں میں بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیاں سامنے آ رہی ہیں۔ اس حوالے سے اپنے ایک ولاگ میں انہوں نے کہا کہ ملک میں لوٹ مار کا ماحول اس حد تک گرم ہو چکا ہے کہ حکومت کی جس وزارت کو بھی اٹھا کر دیکھ لیا جائے، اس میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق دس سے بارہ ارب روپے کی کرپشن یا سنگین مالی بے ضابطگیاں سامنے آ رہی ہیں، ملکی معیشت کی تباہی کے باوجود سرکاری خزانے پر بوجھ ڈالنے کا سلسلہ تھم نہیں سکا ہے۔

اینکرپرسن نے یاد دلایا کہ پچھلے دنوں یہی حکمران اتحاد کے لوگ خود کو بہت اچھا اور عوام دوست ثابت کرنے کی کوشش کر رہے تھے، ان کی جانب سے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کو اس بات پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا کہ انہوں نے خیبر پختونخواہ میں اپنے لیے مراعات کا قانون کیوں بنایا اور وہ سرکاری پاسپورٹس کا تقاضا کیوں کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی پر تنقید کرنے والے اب خود اشرافیہ کو نوازنے میں مصروف ہیں، سینیٹ کی متعلقہ کمیٹی نے ایک متنازعہ بل منظور کر لیا ہے جس کے تحت سابق اراکینِ پارلیمنٹ ایم این ایز اور سینیٹرز، ان کی بیگمات اور بچوں کو تاحیات بلیو پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے، ایک طرف عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور دوسری طرف پارلیمنٹیرینز اپنے اور اپنے خاندانوں کے لیے تاحیات وی آئی پی مراعات حاصل کر رہے ہیں، جو ان کے دوہرے معیار کو واضح کرتا ہے۔