ڈیرہ غازی خان میں باپ نے 11 سالہ بیٹی شادی کیلئے بوڑھے شخص کو 15 لاکھ میں بیچ دی

پولیس نے 80 سالہ دولہا گرفتار کرلیا، نکاح خوان پر بھی مقدمہ درج، مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے آپریشن تیز

Sajid Ali ساجد علی اتوار 12 جولائی 2026 15:07

ڈیرہ غازی خان میں باپ نے 11 سالہ بیٹی شادی کیلئے بوڑھے شخص کو 15 لاکھ میں ..
ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جولائی 2026ء) صوبہ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کے دور افتادہ قبائلی علاقے پھگلہ میں ایک سنگدل باپ نے مبینہ طور پر اپنی 11 سالہ کمسن بیٹی کو 80 سالہ بوڑھے شخص کے ہاتھ فروخت کرکے اس کا زبردستی نکاح پڑھوا دیا، بارڈر ملٹری پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 80 سالہ دولہے کو دھرلیا، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بارڈر ملٹری پولیس کے چیف کمانڈنٹ امیر تیمور خان نے اس حساس اور سنگین معاملے کا فوری نوٹس لیا، کمانڈنٹ امیر تیمور خان نے تصدیق کی ہے کہ 11 سالہ بچی کو ایک 80 سالہ بوڑھے شخص نے باقاعدہ رقم دے کر خریدا تھا، جس کے بعد اس معصوم بچی کو زبردستی شادی کے بندھن میں جکڑ دیا گیا۔

(جاری ہے)

کیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ بچی کے اپنے سگے باپ نے مبینہ طور پر 15 لاکھ روپے کی خاطر اپنی بیٹی کو اس بوڑھے شخص کے حوالے کیا، اس طرح پیسے کی ہوس میں اندھے ایک باپ نے اپنی ہی اولاد کے مستقبل اور قانون کی دھجیاں اڑا دیں، اس کی اطلاع ملتے ہی چیف کمانڈنٹ کے احکامات پر بی ایم پی نے فوری چھاپہ مار کارروائی کی اور 80 سالہ معمر دولہے کو موقع سے گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس جرم میں برابر کے شریک نکاح خوان سمیت تمام ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، کیونکہ نکاح خوان نے قانون کے برعکس ایک کمسن اور نابالغ بچی کا نکاح پڑھایا، اس کے علاوہ بچی کے والد اور دیگر مفرور سہولت کاروں کی تلاش کے لیے بھی پولیس ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں اور جلد ہی وہ بھی قانون کی گرفت میں ہوں گے۔                               

متعلقہ عنوان :