گورنمنٹ انٹر گرلز کالج کوہلو میں جدید سہولیات سے آراستہ آئی ٹی حب اور کمپیوٹر لیب مکمل

اتوار 12 جولائی 2026 17:00

کوہلو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2026ء) بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کے تحت گورنمنٹ انٹر گرلز کالج کوہلو میں جدید سہولیات سے آراستہ آئی ٹی حب اور کمپیوٹر لیب کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی گئی، جس کا باقاعدہ افتتاح کمانڈنٹ میوند بریگیڈ کرنل فاروق اشرف اور ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل طحہٰ علی خان، ایگزیکٹو انجنیئر سی اینڈ ڈبلیو محبت مری ، اسسٹنٹ کمشنر کاہان مصطفیٰ شفیع، اسسٹنٹ کمشنر میوند سمیع الحق، ایس ڈی او انجنیئر صادق بگٹی، ایس ڈی او خواج مری سمیت ضلعی انتظامیہ،اساتذہ، طالبات اور معززینِ علاقہ نے شرکت کی۔

مہمانوں نے آئی ٹی حب اور کمپیوٹر لیب کا تفصیلی معائنہ کیا، جدید کمپیوٹر سسٹمز، انٹرنیٹ سہولیات اور دیگر تکنیکی آلات کا جائزہ لیا اور منصوبے کو ضلع کوہلو میں معیاری تعلیم اور ڈیجیٹل ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمانڈنٹ میوند بریگیڈ کرنل فاروق اشرف اور ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ہر شعبۂ زندگی کی بنیادی ضرورت بن چکی ہے، اس لیے نوجوان نسل، بالخصوص طالبات، کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مہارتوں اور معیاری آئی ٹی تربیت فراہم کرے گا بلکہ انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار، فری لانسنگ اور آن لائن کاروبار کے نئے مواقع سے بھی جوڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید سہولیات سے مزین یہ آئی ٹی حب نوجوانوں کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے، اختراعی صلاحیتوں کو فروغ دینے، ڈیجیٹل معیشت میں مؤثر کردار ادا کرنے اور خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان اور ایف سی نارتھ ضلع کوہلو میں تعلیم، ہنرمندی اور انسانی وسائل کی ترقی کے لیے ایسے عوامی فلاحی منصوبوں کی بھرپور سرپرستی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ BSDI کے تحت مکمل ہونے والا یہ منصوبہ ضلع کوہلو میں پائیدار ترقی، معیاری تعلیم، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا ۔

انتظامیہ کے مطابق آئی ٹی حب میں ویب ڈیویلپمنٹ ، گرافک ڈیزائن ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ میں باقاعدہ طور پر داخلوں کا اعلان کر دیا گیا ہے، انتظامیہ کے مطابق ان کورسز کے ذریعے نوجوانوں، خصوصاً طالبات، کو عملی اور پیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ ملکی و بین الاقوامی مارکیٹ میں آن لائن روزگار، فری لانسنگ اور کاروباری مواقع سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ حکومت بلوچستان کا یہ اقدام ضلع کوہلو میں ڈیجیٹل انقلاب، معیاری تعلیم اور معاشی خودمختاری کے فروغ کی جانب ایک نمایاں پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔\378