ساؤتھ پنجاب ریئلٹرز ایسوسی ایشن کی عبوری کمیٹی تشکیل دیدی

پیر 13 جولائی 2026 22:15

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2026ء) ساؤتھ پنجاب ریئلٹرز ایسوسی ایشن کی عبوری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ فیڈریشن آف ریئلٹرز پاکستان کے چیئرمین مسرت اعجاز خان کی زیرِ قیادت ساؤتھ پنجاب کی ریئلٹر برادری کا اجلاس پیر کے روز یہاں منعقد ہوا۔جس میں ملتان، شجاع آباد، جلال پور پیر والا، خانیوال، کبیروالا، میاں چنوں، جہانیاں، لودھراں، دنیا پور، کہروڑ پکا، وہاڑی، بورے والا، میلسی، بہاولپور، احمد پور شرقیہ، حاصل پور، یزمان، بہاولنگر، چشتیاں، ہارون آباد، فورٹ عباس، منچن آباد، رحیم یار خان، صادق آباد، خان پور، لیاقت پور، ڈیرہ غازی خان، کوٹ چھٹہ، تونسہ، راجن پور، جام پور، روجھان، مظفرگڑھ، علی پور، جتوءی، کوٹ ادو، لیہ، کروڑ لعل عیسن، چوبارہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کمالیہ، گوجرہ، عارف والا اور ساہیوال سے ریئل اسٹیٹ ایسوسی ایشنز کے صدور، جنرل سیکرٹریز، عہدیداران اور نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس (AGM) میں ساؤتھ پنجاب اور ملحقہ علاقوں کی ریئل اسٹیٹ انڈسٹری کو درپیش مسائل، تنظیمی استحکام، باہمی تعاون، پیشہ ورانہ ہم آہنگی اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلہء خیال کیا گیا۔اس موقع پر فیڈریشن آف ریئلٹرز پاکستان کے چیئرمین مسرت اعجاز خان نے اپنے خطاب میں اتحاد، اعتماد اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ساؤتھ پنجاب اور ملحقہ علاقوں کی تمام ریئلٹر تنظیمیں ایک مضبوط پلیٹ فارم پر متحد ہوں،تاکہ ریئلٹر برادری کے اجتماعی مفادات کا مؤثر انداز میں تحفظ دیاجا سکے اور ریئل اسٹیٹ کے شعبے کو مزید منظم، فعال اور مضبوط بنایا جا سکے۔

اس دوران فیڈریشن آف ریئلٹرز پاکستان کے ایگزیکٹو ممبر ملک حبیب الرحمان نے اپنے خطاب میں ساؤتھ پنجاب کی تمام تنظیموں کے درمیان اتحاد، ہم آہنگی اور مضبوط روابط کے فروغ کے لیے اپنے بھرپور تعاون اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اجلاس (AGM) کے دوران متفقہ طور پر ساؤتھ پنجاب ریئلٹرز ایسوسی ایشن کی عبوری باڈی تشکیل دی گئے، جس کا مقصد پورے ساؤتھ پنجاب اور ملحقہ علاقوں کی ریئلٹر برادری کو ایک مضبوط پلیٹ فارم پر متحد کرنا، ان شہروں میں نئی ریئلٹرز ایسوسی ایشنز کے قیام کے لیے عملی اقدامات کرنا،جہاں تاحال تنظیمیں موجود نہیں اور فیڈریشن آف ریئلٹرز پاکستان کو مزید مضبوط، منظم اور فعال بنانا ہے۔

عبوری با ڈی کے صدرمحمد اقبال اختر (رحیم یار خان)، سینئر نائب صدرچوہدری یاسر ستار (ملتان)، نائب صدرثاقب بندیشہ (ٹوبہ ٹیک سنگھ)، نائب صدر فیصل رضوان (بہاولپور)، انفارمیشن سیکرٹری ناصر مگسی (مظفرگڑھ)، ایگزیکٹو ممبر محبوب علی بھٹی (بورے والا)،ایگزیکٹو ممبر محمد اقبال سومرو (علی پور)،ایگزیکٹو ممبر ملک غلام نازک رائے(راجن پور)اور ایگزیکٹو ممبررائے سرور خان منج (کمالیہ) ہیں ۔

شرکاء نے نومنتخب عبوری باڈی کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ٹیم ساؤتھ پنجاب اور ملحقہ علاقوں کی ریئلٹر برادری کو ایک مضبوط اور مؤثر پلیٹ فارم پر متحد کرنے، تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال بنانے اور فیڈریشن آف ریئلٹرز پاکستان کے وژن کے مطابق ریئلٹر برادری کے اجتماعی مفادات کے تحفظ اور فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ باہمی مشاورت، اتحاد، اخوت اور مشترکہ جدوجہد کے ذریعے ساؤتھ پنجاب اور ملحقہ علاقوں میں ریئل اسٹیٹ کے شعبے کو مزید منظم، مستحکم اور ترقی یافتہ بنایا جائے گا، تاکہ ریئلٹر برادری کی مؤثر نماءندگی کو قومی سطح پر مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جا سکے۔