وفاقی ،صوبائی لا ء افسران کی تعیناتی کیلئے لازمی اہلیت ،ماہانہ مراعات کی تفصیلات سامنے آگئیں

منگل 14 جولائی 2026 13:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2026ء) وفاقی اور صوبائی لا ء افسران کی تعیناتی کے لیے لازمی اہلیت اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرلز اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کی ماہانہ مراعات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔نجی ٹی وی نے دستاویزات کے حوالے سے بتایا کہ وفاق میں ڈپٹی اٹارنی جنرل کے عہدے کے لیے امیدوار کا سپریم کورٹ کا جج مقرر ہونے کی اہلیت رکھنا ازمی قرار دیا گیا ہے۔

پنجاب میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے لیے سپریم کورٹ کا ایڈووکیٹ ہونا اور ہائیکورٹ میں کم از کم 10سال وکالت کا تجربہ لازمی ہے، جبکہ سندھ میں اس عہدے کے لیے ہائیکورٹ میں کم از کم 7سال کا تجربہ درکار ہے۔دستاویزات کے مطابق بلوچستان میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے لیے ہائیکورٹ کا جج بننے کی اہلیت کے ساتھ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کے طور پر کم از کم 3سال کا تجربہ بھی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

لا ء افسران کی ماہانہ مراعات کے حوالے سے دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو 7لاکھ 26ہزار روپے، پنجاب میں 6لاکھ 90ہزار روپے، خیبر پختونخوا ہ میں 5لاکھ 76ہزار روپے جبکہ بلوچستان میں 3لاکھ 10ہزار 400روپے ماہانہ مراعات دی جاتی ہیں۔وفاق میں ڈپٹی اٹارنی جنرل کی ماہانہ مراعات 3لاکھ 90ہزار روپے مقرر ہیں۔ دستاویزات کے مطابق پنجاب میں اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کی ماہانہ مراعات 5لاکھ 70ہزار روپے، سندھ میں 4لاکھ 94ہزار روپے، خیبر پختونخوا ہ میں 4لاکھ 22ہزار روپے اور بلوچستان میں 2لاکھ 30ہزار روپے ہیں، اسی طرح وفاق میں اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کی ماہانہ مراعات 2لاکھ 4ہزار روپے مقرر ہیں۔