گلیات میں غیر قانونی تعمیرات کی اعلیٰ سطح پر انکوائری ہوگی، قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی.ملک عدیل اقبال

جہاں غفلت، بدانتظامی یا قانون کی خلاف ورزی ہوگی، وہاں کارروائی یقینی بنائی جائے گی، غفلت اور بدانتظامی کے حوالے سے ہماری زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، اگر کسی افسر نے تبادلے کی درخواست دی ہے تو یہ اس کا ذاتی اور انتظامی معاملہ ہے. وزیرسیاحت کا بیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 14 جولائی 2026 13:04

گلیات میں غیر قانونی تعمیرات کی اعلیٰ سطح پر انکوائری ہوگی، قانون شکنی ..
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 جولائی ۔2026 ) وزیرسیاحت وثقافت خیبرپختون خوا ملک عدیل اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق گلیات میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی،گلیات میں غیر قانونی تعمیرات کی اعلیٰ سطح پر انکوائری ہوگی، قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی.

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جہاں غفلت، بدانتظامی یا قانون کی خلاف ورزی ہوگی، وہاں کارروائی یقینی بنائی جائے گی، غفلت اور بدانتظامی کے حوالے سے ہماری زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، اگر کسی افسر نے تبادلے کی درخواست دی ہے تو یہ اس کا ذاتی اور انتظامی معاملہ ہے.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران کے وقار کا احترام کرتے ہیں، لیکن عوامی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، گلیات کا دورہ عوامی شکایات کے ازالے اور سرکاری امور کا جائزہ لینے کے لیے کیا انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق گلیات میں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی.

انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کے سپاہی ہیں ہمارے قائدنے ہمیشہ کرپشن ،بدانتظامی کے خلاف اور قانون کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کی ہے،ہماری جدوجہد غفلت ‘بدانتظامی اور قانون کی خلاف ورزیوں کے خلاف ہے،ہم عمران خان کے ویژن پر عمل پیرا ہیں اور عوامی مفادات پر ہرگزسمجھوتہ نہیں کریں گے کیونکہ عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے ،انہوں نے کہاکہ گلیات کے قدرتی حسن کو بحال کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات کیئے جائیں .

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد افراد کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا اور عوام کو بہترین خدمات فراہم کرنا ہے، واضح رہے کہ وزیرسیاحت کی جانب سے وزیراعلی سہیل آفریدی کو رپورٹ پیش کیئے جانے کے بعد گلیات کے معاملے پر ایک اعلی سطحی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم اس سے پہلے ہی گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تین اعلی افسران ڈائریکٹر جنرل فواد خان‘ڈائریکٹرایڈمن نورالحق اور ڈائریکٹربلڈنگ کنٹرول فرخ جدون نے انکوائری سے بچنے کے لیے چیف سیکرٹری خیبرپختون خوا کو ”ذاتی وجوہات“ کی بنا پر ٹرانسفرکرنے کی درخواست بھجوادی تھی.

ادھر گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ایک سنیئرافسر نے ”اردوپوائنٹ“سے رابط کرکے بتایا کہ ادارے کو ان تینوں اعلی افسران نے ذاتی جاگیر بنارکھاتھا ‘ماتحت افسران کے ساتھ بدتمیزی اور گالم گلوچ کا کلچر انہوں نے ادارے میں پیدا کیا انہوں نے بتایا کہ ریگولیشن کی خلاف ورزیوں پر رپورٹس پیش کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے فیلڈ میں جانے پر پابندیاں عائدکی گئیں ان سب کا کیا مطلب لیا جاسکتا ہے؟.

انہوں نے کہا کہ رپورٹس ہونے کے باوجود بروقت کاروائی کے ذریعے ان عمارتوں کی تعمیر کو روکا جاسکتا تھا تاہم ڈائریکٹرایڈمن نورالحق اور ڈائریکٹربلڈنگ کنٹرول فرخ جدون ڈی جی فوادخان کی سرپرستی میں زیادہ ”پھلے پھولے“ان افسران کے نزدیک گلیات کا پورا علاقہ ان کی ذاتی ملکیت تھا‘انہوں نے بتایا کہ ٹیکس کولیکشن میں اضافے کی تجاویزہوں یا مقامی لوگوں کی فلاح وبہبودکے لیے منصوبے جی ڈی کے اعلی افسران نے کسی بھی منصوبے پر کام نہیں ہونے دیا.