واشنگٹن ڈی سی میں عالمی امن کانفرنس، پاکستانی کردار کو خصوصی خراجِ تحسین

پاکستان نے امن کے قیام اور تعمیری سفارتکاری کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا ،مقررین

منگل 14 جولائی 2026 14:07

واشنگٹن ڈی سی میں عالمی امن کانفرنس، پاکستانی کردار کو خصوصی خراجِ ..
واشنگٹن ڈی سی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2026ء) امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں یونیورسل پیس فیڈریشن (یو پی ایف)کے زیرِ اہتمام امن کے سفیروں کی سہ ماہی عالمی اسمبلی کا باوقار انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی سفارتی شخصیات، سابق و موجودہ حکومتی عہدیداران، قانون سازوں، فوجی قیادت، مذہبی رہنمائوں، سماجی کارکنوں اور امن کے سفیروں نے شرکت کی۔

تقریب کی میزبانی یونیورسل پیس فیڈریشن کی صدر محترمہ ویوریکا نے کی۔ اس موقع پر واشنگٹن ٹائمز کی اعلی قیادت، بین الاقوامی سفارتی نمائندے، آذربائیجان سمیت مختلف ممالک کے مندوبین اور اقوامِ متحدہ سے وابستہ امن و ترقی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران عالمی امن، بین المذاہب ہم آہنگی، نوجوانوں کی قیادت، بین الاقوامی تعاون اور انسانی خدمت کے فروغ سے متعلق اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مختلف قوموں، مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان مکالمے اور تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔تقریب کے دوران مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کو امن کے سفیر کے اعزاز سے نوازا گیا۔ مقررین نے ان افراد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن، رواداری اور انسانیت کی خدمت کے لیے کام کرنے والے افراد عالمی معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں۔

واشنگٹن ٹائمز کی قیادت نے اپنے خطاب میں پاکستان کے کردار کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان نے مختلف علاقائی اور عالمی چیلنجز کے باوجود امن کے قیام اور تعمیری سفارت کاری کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔

تقریب میں نوجوان سفیرِ امن امیر حمزہ پنجری نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے مختلف بین الاقوامی شخصیات، سفارتی نمائندوں اور کمیونٹی رہنماں سے ملاقاتیں کیں اور امن، نوجوانوں کی شمولیت اور عالمی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادل خیال کیا۔ شرکا نے نوجوان نسل کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں پائیدار امن کے قیام کے لیے نوجوانوں کی فعال شرکت ناگزیر ہے۔

مقررین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پائیدار اور دیرپا امن صرف باہمی احترام، رواداری، بین الثقافتی ہم آہنگی اور مشترکہ عالمی کوششوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عالمی سطح پر امن، اتحاد اور انسانی خدمت کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔امن کے سفیروں کی سہ ماہی عالمی اسمبلی کو عالمی سطح پر امن، اتحاد اور انسانی فلاح کے فروغ کے لیے ایک اہم اور مثر پلیٹ فارم قرار دیا گیا، جو مختلف ممالک اور ثقافتوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔