چن ون گروپ اور سپیریئر یونیورسٹی کے درمیان ایم اویو پر دستخط، صنعت اور تعلیمی اداروں کے اشتراک کو فروغ دینے پر اتفاق

بدھ 15 جولائی 2026 23:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2026ء) چن ون گروپ اور سپیریئر یونیورسٹی کے شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے درمیان بدھ کو ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرتے ہوئے طلبہ کو عملی اور پیشہ ورانہ مواقع فراہم کرنا ہے۔ یہ شراکت داری جدت، اعلی معیار اور طلبہ کے لیے انڈسٹری سے وابستگی، انٹرن شپ، علمی تبادلے اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے نئے مواقع پیدا کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔

تقریب میں چن ون کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کارپوریٹ ماریہ توقیر، چن ون کے مشیر ڈاکٹر وقار چوہدری آرائیں، سپیریئر یونیورسٹی کے وائس چیئرمین حمزہ عبدالرحمن، ریکٹر ڈاکٹر سمیرا، اسکول آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے ڈین سمیع اللہ بجوہ اور فیکلٹی اراکین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ریکٹر ڈاکٹر سمیرا اور میاں کاشف اشفاق کے درمیان صنعت اور تعلیمی اداروں کے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ گریجویٹس کی تیاری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

انہوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے جدت، عملی تعلیم اور طویل المدتی ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ چن ون، جو پاکستان کی معروف ریٹیل اور لائف اسٹائل کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے، ماضی میں بھی انٹرن شپ پروگرامز، صنعتی تربیت، پیشہ ورانہ رہنمائی، مشترکہ منصوبوں اور ٹیلنٹ ڈویلپمنٹ اقدامات کے ذریعے صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان فاصلے کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔ اس مفاہمتی یادداشت کے تحت طلبہ کو عملی تربیت، صنعت سے براہ راست رابطے، مہمان لیکچرز، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور مہارتوں میں اضافے کے مختلف پروگراموں سے استفادہ کرنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔