عوام کو بلاتفریق انصاف کی فراہمی یقینی بنا کر ہی ایک پرامن معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے‘ گورنر پنجاب

جمعہ 17 جولائی 2026 23:02

عوام کو بلاتفریق انصاف کی فراہمی یقینی بنا کر ہی ایک پرامن معاشرہ تشکیل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2026ء) گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان نے کہا ہے کہ جمہوریت کے استحکام اور عدلیہ کی بحالی میں وکلا کا کردار اہم ہے، وکلا برادری پیپلز پارٹی کا ہراول دستہ ہیں، وکلاء برادری کا ہر مشکل میں ساتھ دیں گے،بلاول بھٹو زرداری نے بہت کم وقت میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں میانوالی بار کے وکلاء کے صدر امیر اسلم خان اور پی ایل ایف پاکپتن کے وکلاء سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات میں صدر پی ایل ایف لاہور ڈویژن میاں شاہد عباس بھی موجود تھے۔ گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ عوام کو بلاتفریق انصاف کی فراہمی یقینی بنا کر ہی ایک پرامن معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ملک میں جمہوریت کے استحکام اور عدلیہ کی آزادی میں وکلاء کی مثالی جدوجہد تاریخ کا حصہ ہے۔وکلاء برادری اور پیپلز پارٹی کا دل کا رشتہ ہے جسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے پی ایل ایف کے وکلا کی غیر متزلزل لگن کو بھی سراہا اورکہا کہ پی ایل ایف وکلا کی عدلیہ کی آزادی اور جمہوری اقدار کے فروغ میں خدمات قابل تحسین ہیں۔ وکلاء نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا اور پیپلزپارٹی بھی اپنے وکلاء کاساتھ کبھی نہیں چھوڑے گی۔گورنرہاؤس کے دروازے وکلاء کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں ان کا ہر مشکل میں ساتھ دیں گے۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے بہت کم وقت میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو نے عالمی سطح پر انڈیا کا مکرہ چہرہ بے نقاب کیا۔بلاول بھٹو ہماری آنے والی نسلوں کے ہیرو اور امید کی کرن ہیں۔میں پارٹی ورکرز میں سے ہوں اور پیپلز پارٹی کا جیالا ہوں۔میں نے سیاست کا آغاز پیپلز پارٹی سے کیا خاتمہ بھی پیپلز پارٹی سے ہی کروں گا۔اس موقع پر میانوالی بار کے وکلاء نے گورنرپنجاب کو میانوالی بار کے دورے کی دعوت دی۔ گورنر پنجاب نے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد میانوالی کا دورہ کریں گے۔