جادہ سکولز انتظامیہ نے آزادی کپ فٹسال ٹورنامنٹ کے دوسرے ایڈیشن کا اعلان کر دیا

پیر 20 جولائی 2026 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2026ء) جادہ سکولز نے ملک میں کھیلوں کے فروغ اور طلبہ میں صحت مند سرگرمیوں کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے جشنِ آزادی کے سلسلے میں آزادی کپ فٹسال ٹورنامنٹ کے دوسرے ایڈیشن کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹورنامنٹس کا انعقاد 30 جولائی سے 9 اگست تک لاہور کے مختلف کیمپسز میں کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پہلا فٹسال ٹورنامنٹ 30 جولائی سے 2 اگست تک جادہ اسکول سنٹرل پارک کیمپس کے فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا ٹورنامنٹ 7 سے 9 اگست تک جادہ اسکول بحریہ ٹان کیمپس کے فٹسال گراونڈ میں منعقد ہوگا۔

منتظمین کے مطابق دونوں ٹورنامنٹس کی فاتح ٹیموں کے لیے 50،50 ہزار روپے جبکہ رنرز اپ ٹیموں کے لیے 20،20 ہزار روپے کی انعامی رقم مقرر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹس میں شرکت کے لیے لاہور بھر سے 30 سے زائد کلب اپنی رجسٹریشن کرا چکے ہیں، جبکہ مزید ٹیموں کی رجسٹریشن کا عمل بھی جاری ہے۔جادہ اسکولز کے بانی اسامہ نصیر نے اس موقع پر کہا کہ نئی نسل میں اسکرین ٹائم کے بڑھتے ہوئے رجحان کو کم کرنے کے لیے کھیلوں کے میدان آباد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کپ فٹسال ٹورنامنٹس کے انعقاد کا مقصد نوجوانوں اور طلبہ کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور ان میں وطنِ عزیز پاکستان سے محبت، قومی یکجہتی اور جذب حب الوطنی کو مزید فروغ دینا ہے۔