14 سالہ ملائکہ خلجی نے کھوسرگنگ چوٹی سر کر کے تاریخ رقم کر دی

بدھ 22 جولائی 2026 16:47

14 سالہ ملائکہ خلجی نے کھوسرگنگ چوٹی سر کر کے تاریخ رقم کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2026ء) بلوچستان سے تعلق رکھنے والی 14 سالہ طالبہ ملائکہ خلجی نے کھوسرگنگ چوٹی سر کر کے ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے صوبے کی پہلی خاتون کوہ پیما بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے لیے فخر کا باعث قرار دی جا رہی ہے اور نوجوان نسل، خصوصاً لڑکیوں کے لیے عزم، حوصلے اور خوداعتمادی کی ایک روشن مثال بن گئی ہے۔

الپائن کلب آف پاکستان کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی کوہ پیمائی مہم کے دوران ملائکہ خلجی نے کامیابی سے کھوسرگنگ چوٹی سر کی، جسے پاکستان میں کوہ پیمائی کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔چوٹی سر کرنے کے بعد ملائکہ خلجی نے پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرایا، جو وطن سے محبت، قومی جذبے اور پاکستانی نوجوانوں کے عزم و استقلال کی علامت بن گیا۔

(جاری ہے)

الپائن کلب آف پاکستان نے بلوچستان کی قابلِ فخر بیٹی ملائکہ خلجی اور ان کے اہلِ خانہ کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کارنامہ ملک میں کوہ پیمائی کے فروغ اور نوجوانوں، خصوصاً خواتین، کی حوصلہ افزائی میں اہم کردار ادا کرے گا۔کلب کے مطابق ملائکہ خلجی کی کامیابی دنیا کو یہ پیغام دیتی ہے کہ بلوچستان کی حقیقی شناخت اس کے باصلاحیت، بہادر اور پٴْرامید نوجوان ہیں، جو اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔الپائن کلب آف پاکستان نے اس کامیابی کو صرف ایک کوہ پیمائی کا کارنامہ نہیں بلکہ امید، استقامت، عزم اور حب الوطنی کا ایک طاقتور پیغام قرار دیا ہے۔